فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو کی جانب سے ارجنٹینا فٹبال فیڈریشن کے صدر کلاڈیو تاپیا کو بھیجا گیا خط منظرعام پر آ گیا ہے، جس میں ورلڈ کپ 2026 میں ارجنٹینا کی کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔
یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فیفا اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والی ہاتھا پائی کی باضابطہ تحقیقات کر رہا ہے، جس کے باعث اس خط کو غیرمعمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
جیانی انفینٹینو نے اپنے پیغام میں 19 جولائی 2026 کو کھیلے گئے فائنل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ارجنٹینا نے اسپین کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2026 کا سلورمیڈل حاصل کیا، جس پروہ ارجنٹائن فٹبال فیڈریشن، کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اورشائقین کودلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
فیفا صدر نے مزید لکھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا کی عمدہ کارکردگی نے ورلڈ کپ کو یادگار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی کی قیادت، کھلاڑیوں کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ انداز اور کھیل سے غیرمعمولی وابستگی ہی اس کامیابی کی اصل بنیاد رہی۔
خط منظرعام پر آنے کے بعد فٹبال حلقوں میں اس پر تبصرے جاری ہیں، جبکہ شائقین اسے ورلڈ کپ فائنل کے بعد ارجنٹینا کی کارکردگی پر فیفا کی جانب سے ایک اہم اعتراف قرار دے رہے ہیں۔
زمبابوے کو شکست دیکر بھارت نے ٹی 20 رینکنگ میں دوبارہ نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں اضافی وقت میں شکست کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑی ٹرافی تقریب کے دوران پیٹھ موڑ کر کھڑے رہے، جبکہ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی، اس واقعے کی فیفا باضابطہ تحقیقات کر رہا ہے۔
دوسری جانب فیفا کی روایت کے مطابق ورلڈ کپ کے اختتام پر میڈل جیتنے والی ٹیموں کو صدر کی جانب سے مبارکباد کے رسمی خطوط بھی ارسال کیے جاتے ہیں۔
