زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم ایک بار پھر آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
جیونیوز رپورٹ کے مطابق ورلڈ چیمپئن بھارت نے زمبابوے کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر کے اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔
اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باعث بھارتی ٹیم پہلی پوزیشن سے محروم ہو کر دوسرے نمبر پر چلی گئی تھی تاہم تازہ کامیابی کے بعد اس نے دوبارہ سرفہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔
آئی سی سی کی تازہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ کے مطابق انگلینڈ دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، نیوزی لینڈ چوتھے جبکہ جنوبی افریقا پانچویں نمبر پرموجود ہے۔
پاکستانی ٹیم بدستور چھٹے نمبر پر برقرار ہے جبکہ ویسٹ انڈیز ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں، سری لنکا نویں اورافغانستان دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
بھارتی ٹیم کی دوبارہ پہلی پوزیشن پر واپسی کو زمبابوے کے خلاف مسلسل عمدہ کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ انگلینڈ کو ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ایل پی ایل میں نیا تنازع، شاہین آفریدی ڈراپ کیے جانے پر برہم، اینٹی کرپشن یونٹ سے رجوع کر لیا
کرکٹ شائقین کی نظریں اب سیریز کے باقی میچوں اورآئندہ بین الاقوامی مقابلوں پر مرکوز ہیں، جہاں مختلف ٹیمیں اپنی رینکنگ مزید بہتر بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہر سیریز کے نتائج رینکنگ پر براہِ راست اثرانداز ہوتے ہیں، جس کے باعث ٹیموں کے درمیان سرفہرست مقام کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔
