پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں گاڑیوں کی شناخت اور سیکیورٹی نظام کو جدید بنانے کے لیے تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ ایکسائز خیبر پختونخوا کے مطابق گاڑیوں کی نئی نمبر پلیٹس میں ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن (آر ایف آئی ڈی) ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کے ذریعے گاڑیوں کی فوری شناخت اور مؤثر ٹریکنگ ممکن ہو سکے گی۔
نئی نمبر پلیٹس میں خصوصی آر ایف آئی ڈی اسٹیکرز نصب کیے جائیں گے، جو جدید ڈیٹا بیس سے منسلک ہوں گے۔ اس نظام کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے گاڑی کو اسکین کرتے ہی اس کی رجسٹریشن، ملکیت اور دیگر متعلقہ معلومات فوری طور پر حاصل کر سکیں گے، جس سے چوری شدہ، مشکوک یا غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نشاندہی میں بھی آسانی ہو گی۔
حکام کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کی تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں پر ہو گا۔ اس وقت صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی موجودہ نمبر پلیٹس کی قیمت 1200 روپے ہے، تاہم نئی آر ایف آئی ڈی اسٹیکر سے لیس اسمارٹ نمبر پلیٹس کی قیمت 4 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ جدید نمبر پلیٹس کے اجرا کا مقصد گاڑیوں کا محفوظ اور شفاف ریکارڈ برقرار رکھنا، ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانا اور جرائم کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گاڑیوں کی تصدیق اور نگرانی کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور تیز رفتار ہو گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت بھی صوبے بھر میں جدید سیکیورٹی فیچرز سے آراستہ نئی نمبر پلیٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ پنجاب میں اپریل 2024 سے سرکاری سطح پر نمبر پلیٹس کا اجرا عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، جس کے بعد گاڑی مالکان کو مارکیٹ سے نمبر پلیٹس بنوانے کی اجازت دی گئی۔
بعد ازاں حکومت نے اعلان کیا کہ نئی نمبر پلیٹس جدید سیکیورٹی خصوصیات اور آر ایف آئی ڈی چپ سے لیس ہوں گی، جن کے ذریعے گاڑی اور اس کے مالک کا مکمل ریکارڈ فوری طور پر حاصل کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، بارش کے پانی میں نہانے پر پابندی عائد
خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام کو گاڑیوں کی رجسٹریشن، سیکیورٹی اور جدید ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
