پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ن لیگ اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مسلم لیگ (ن) پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ن لیگ کشمیر میں انتخابی ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ن لیگ اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں کو لگام دے، کیونکہ زبردستی اور دھونس کے ذریعے انہیں کشمیر میں الیکشن چوری نہیں کرنے دیا جائے گا، انہوں نے الزام لگایا کہ ن لیگ کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کے ایک کارکن کو قتل کر کے اپنی “فاشسٹ روایت” برقرار رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے کہ ہر شخص بکاؤ ہے اور لالچ دے کر سب کو خریدا جا سکتا ہے جبکہ 2014 کی طرح ایک بار پھر “خیراتی مینڈیٹ” حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “فارم 47 کی پیداوار” ن لیگ کشمیر میں پرامن ماحول کو خراب کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے امیدواروں کی جانب سے اسلحے کے مبینہ آزادانہ استعمال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک اور سمجھ سے بالاتر ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات شفاف ہوئے تو جیت پیپلز پارٹی کی ہو گی ، ندیم افضل چن
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پرامن ہیں اور ن لیگ کے دوہرے طرزِ عمل سے بخوبی واقف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت کان کھول کر سن لے کہ کشمیر کے پرامن ماحول کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
