سری لنکا پریمیئر لیگ (LPL) تنازعات کی زد میں ہے، جہاں پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ایک میچ میں ٹیم سے باہر کیے جانے کے معاملے پر اینٹی کرپشن یونٹ میں شکایت درج کرا دی۔
ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اس واقعے پر شدید برہم ہوئے اور پاکستان واپس جانے کا فیصلہ کر لیا تھا، تاہم فرنچائز حکام اور لیگ منتظمین نے معذرت کرتے ہوئے انہیں رکنے پر آمادہ کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق لیگ شروع ہونے سے قبل ہی جافنا کنگز کے بھارتی مالک منجوت کارلا کو میچ فکسنگ کے الزامات کے تحت سری لنکا کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے گرفتار کر لیا تھا، جس کے بعد منتظمین نے ٹیم کی ملکیت کے حقوق واپس لے لیے اور اب لیگ آرگنائزنگ کمپنی اور سری لنکا کرکٹ معاملات چلا رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز اورانگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ میں دو تبدیلیوں کا اعلان
حالیہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب ذرائع کے مطابق کینڈی رائلز کی انتظامیہ نے کولمبو کیپیٹلز کے خلاف میچ سے قبل شاہین آفریدی کو بتایا کہ وہ “امپیکٹ پلیئر” کے طور پر کھیلیں گے۔
واضح رہے کہ “امپیکٹ پلیئر” کا قانون، جو پہلے انڈین پریمیئر لیگ (IPL) میں متعارف کرایا گیا تھا، ٹیم کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ میچ سے قبل نامزد کیے گئے ایک کھلاڑی کو دورانِ میچ دوسرے کھلاڑی کی جگہ میدان میں اتار سکتی ہے، جبکہ تبدیل ہونے والا کھلاڑی مزید میچ میں حصہ نہیں لے سکتا۔
ذرائع کے مطابق جب کینڈی رائلز نے پہلے بیٹنگ کی تو اننگز کے دوران کوچ نے شاہین آفریدی سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم کے تجزیہ کار کی غلطی سے ان کا نام امپیکٹ پلیئر کی فہرست میں شامل ہی نہیں کیا گیا تھا۔
اس پر شاہین آفریدی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کے ایک اہلکار کو معاملے سے آگاہ کیا اور وطن واپسی کا فیصلہ کر لیا۔ بعد ازاں میچ ریفری، ٹیم انتظامیہ اور لیگ حکام نے مداخلت کی، معذرت کی اور انہیں لیگ میں رکنے پر راضی کر لیا۔
نسیم شاہ کا کیریبیئن پریمیئر لیگ سے معاہدہ طے پا گیا
شاہین آفریدی نے ایونٹ کے پہلے میچ میں ایک وکٹ کے لیے 41 رنز دیے، دوسرے میچ میں 34 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ تیسرے میچ میں 32 رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی وہ لیگ کے حالیہ میچ میں شریک نہیں ہوئے۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، محمد وسیم جونیئر اور عاقب جاوید بھی شریک ہیں ، پاکستانی امپائر آصف یعقوب بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
دوسری جانب ایل پی ایل کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہین آفریدی سے متعلق معاملہ میچ ریفری کو غلط ٹیم شیٹ جمع کرانے کے باعث پیش آیا تھا۔
