کراچی: کے الیکٹرک نے اپنے صارفین کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا نیا اور جدید طریقہ متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب صارفین نقد رقم کے بغیر بھی اپنے بجلی کے بل آسانی سے جمع کرا سکیں گے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صارفین اب منتخب کسٹمر کیئر سینٹرز پر نصب پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) مشینوں کے ذریعے اپنے بجلی کے بل ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ سے فوری طور پر ادا کر سکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت سے صارفین کو بل جمع کرانے کے لیے نقد رقم ساتھ رکھنے یا بینکوں اور دیگر ادائیگی مراکز پر طویل قطاروں میں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے ادائیگی کا عمل زیادہ تیز، آسان اور مؤثر بن جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق نئی سروس کے تحت پے پاک (PayPak)، ماسٹر کارڈ (Mastercard)، ویزا (Visa) اور یونین پے (UnionPay) سمیت مختلف بین الاقوامی اور مقامی ادائیگی کارڈز کے ذریعے بل ادا کیے جا سکیں گے۔
کے الیکٹرک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پی او ایس مشینوں کے ذریعے بلوں کی ادائیگی نہ صرف تیز رفتار بلکہ محفوظ بھی ہو گی، جبکہ اس اقدام کا مقصد صارفین کو جدید، آسان اور کیش فری ادائیگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جلد کمی آنا شروع ہو جائے گی، علی پرویز ملک
کمپنی کے مطابق ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کے فروغ سے صارفین کو شفاف، بروقت اور بہتر خدمات میسر آئیں گی، جبکہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور جدید ہو جائے گا۔
