امریکی میڈیا کی دنیا کے معروف کاروباری شخصیت اور ٹیلی ویژن چینل CNN کے بانی ٹیڈ ٹرنر 87 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان کے انتقال کی خبر سی این این نے ٹرنر انٹرپرائزز کے بیان کے حوالے سے دی ہے، تاہم بیان میں ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی۔
ٹیڈ ٹرنر نے اپنے والد کے بل بورڈ بزنس کو سنبھال کر میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور 1980 میں دنیا کا پہلا 24 گھنٹے چلنے والا نیوز چینل سی این این قائم کیا، جس نے عالمی میڈیا کے انداز کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔
بعد ازاں انہوں نے ٹائم وارنر کے ساتھ اپنی کمپنی کا انضمام کیا اور امریکہ کی سب سے بااثر میڈیا شخصیات میں شمار ہونے لگے۔
پولینڈ میں آگ بجھانے کے دوران طیارہ گرکرتباہ، پائلٹ ہلاک
وہ صرف ایک میڈیا ٹائیکون ہی نہیں بلکہ ایک سرگرم ماحولیاتی کارکن بھی تھے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو ایک ارب ڈالر عطیہ کیا جو تاریخ میں ایک بڑی مثال کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
ٹیڈ ٹرنر کھیلوں کی دنیا میں بھی سرگرم رہے اور اٹلانٹا بریوز بیس بال ٹیم اور اٹلانٹا ہاکس باسکٹ بال ٹیم کے مالک بھی رہے۔ ان کی زندگی میں میڈیا کے بڑے نام روپرٹ مرڈوک کے ساتھ طویل کشیدگی سمیت کئی تنازعات بھی سامنے آئے۔
فوربز کے مطابق ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 2.8 ارب ڈالر تھا۔ وہ تین بار شادی کے بندھن میں بندھے جن میں اداکارہ جین فونڈا کے ساتھ ان کی شادی بھی شامل ہے۔ ان کے انتقال پر عالمی میڈیا حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
