بنگلہ دیشی حکومت نے مداخلت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام سے مشہور نایاب سنہرے بالوں والے سفید بھینسے کی قربانی رکوا دی۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق نایاب سفید بھینسا جس کے سنہرے بالوں کی وجہ سے لوگوں نے اسے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام دے دیا تھا، عیدالاضحیٰ پر قربانی سے بالآخر بچ گیا۔
بنگلہ دیشی وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ حکومت نے آخری لمحے میں مداخلت کرکے اس جانور کو ذبح ہونے سے روک دیا۔
مری میں قربانی کا جانور گہری کھائی میں گر گیا
تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا لیکن عید سے پہلے اس میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی بڑھنے کے بعد حکام نے سکیورٹی خدشات کے باعث کارروائی کی۔
بنگلہ دیشی وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے بھینسے کو قربانی سے بچانے ، خریدار کو رقم واپس کرنے اور جانور کو ڈھاکا کے قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا حکم دیا۔
ابتدا میں یہ بھینسا عید پر قربان کرنے کے لیے خریدا گیا ایک عام جانور تھا، مگر سوشل میڈیا پر مقبولیت بڑھنے کے بعد لوگ دور دراز علاقوں سے بھینسے کو دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے آنے لگے۔
