جدید ٹیکنالوجی جہاں ایک طرف انسانوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہے، وہیں کبھی کبھار یہ مضحکہ خیز حد تک ناکام بھی ہو جاتی ہے۔
ایسا ہی ایک انوکھا اور دلچسپ واقعہ بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب آباد کے گاؤں کماٹی پلی میں پیش آیا، جہاں محض بال منڈوانے (ٹِنڈ کروانے) کی وجہ سے بائیومیٹرک مشین نے ایک مزدور کی حاضری لگانے سے انکار کر دیا۔
تاہم، ایک خاتون مزدور کے دیسی “جگاڑ” نے جدید ترین فیشل ریکگنیشن سسٹم (چہرہ پہچاننے والی ٹیکنالوجی) کو بھی مات دے دی۔
اس گاؤں میں لگے ایک پراجیکٹ میں کام کرنے والے مزدوروں کی حاضری ایک موبائل ایپ اور فیشل ریکگنیشن سسٹم کے ذریعے لگائی جاتی ہے۔ اسی گاؤں کے ایک مزدور سری نواس نے حال ہی میں ایک مذہبی رسم کے تحت مندر میں اپنے بال نذر کیے اور سر منڈوا لیا۔
جب وہ جمعرات کے دن کام پر پہنچا اور سپروائزر نے ایپ کے ذریعے اس کا چہرہ اسکین کرنا چاہا، تو مشین نے اسے پہچاننے سے صاف انکار کر دیا، کیونکہ اس کا نیا گنجا سر ایپ میں موجود پرانی تصویر سے میچ نہیں ہو رہا تھا۔ اس صورتحال پر وہاں موجود تمام مزدور شدید الجھن کا شکار ہو گئے کہ اب حاضری کیسے لگے گی۔
اس موقع پر ایک خاتون مزدور نے انتہائی زبردست جگاڑ نکالا۔ اس نے اپنے لمبے بال آگے کی طرف جھکائے اور انہیں سری نواس کے گنجے سر پر اس طرح رکھ دیا کہ وہ عارضی طور پر بالوں والا دکھائی دینے لگا۔ جیسے ہی سپروائزر نے دوبارہ اسکین کیا، مشین نے فوراً اسے شناخت کر لیا اور حاضری درج ہو گئی۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس جگاڑ پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔
