بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے بقیہ میچز کے لیے سیکیورٹی پروٹوکولز کو مزید سخت کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کے لیے ‘اسمارٹ سن گلاسز’ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کے اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی ایس یو) نے تمام فرنچائزز کو خبردار کیا ہے کہ مارکیٹ میں دستیاب بعض اسمارٹ چشموں میں لائیو اسٹریمنگ، ٹیکسٹ میسجنگ اور وائی فائی کے ذریعے آڈیو و ویڈیو کالز جیسے جدید فیچرز موجود ہیں، جو کھیل کی شفافیت کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔
بی سی سی آئی کی ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ ‘پلیئرز اینڈ میچ آفیشلز ایریا’ (PMOA) میں ان چشموں کو مواصلاتی آلات (Communication Devices) تصور کیا جائے گا، لہذا ان کا استعمال یا پاس رکھنا جرم سمجھا جائے گا۔
بورڈ نے ہدایت دی ہے کہ کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف میچ کے دن اپنے موبائل فونز اور اسمارٹ واچز کے ساتھ ساتھ یہ چشمے بھی سیکیورٹی آفیسر کے پاس جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت انضباطی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں، خاص طور پر راجستھان رائلز کے رومی بھنڈر کی جانب سے ڈگ آؤٹ میں موبائل فون کے استعمال پر جرمانے کے بعد سیکیورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، کھلاڑیوں کے لیے بغیر اجازت رات گئے باہر جانے اور ہوٹل کے کمروں میں غیر متعلقہ مہمانوں کی آمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے تاکہ ‘ہنی ٹریپ’ جیسے ممکنہ خطرات اور کرپشن کے خدشات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
