وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کر دینا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم سے دل کی بات کہ کر گھر جا رہا ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ بہت اچھا ہواسندھ ہاؤس بےنقاب ہو گیا، سندھ کا پیسہ خریدوفروخت کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، منحرف ارکان پیسوں کےلالچ میں گئے ہیں۔
میں عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، شیخ رشید
انہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ چور لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے قومی حکومت کی بات کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو بھی ضمیر کے مطابق ووٹ دینا چاہے اسے ووٹ دینے کی اجازت ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 23 کو پاک فوج کی عظیم ریلی ہوگی، 25 کو شیخ رشید ہوگا اور میڈیا ہوگا، 27 کو عوام کا سمندر ہوگا۔
بعد ازاں اپنی ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کے بغیر اب کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ہارس ٹریڈنگ کرکے کھلم کھلا آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے،اب بلیک میلرزاور ووٹ بیچنے اور خریدنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیر اعظم عمران خان کو اب سندھ میں گورنر راج لگانا پڑے گا۔