وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے نئے نظام سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومیہ قیمتوں کا نیا طریقہ کار سات روزہ رولنگ ایوریج کی بنیاد پر نافذ کیا جائے گا، جس سے مارکیٹ میں شفافیت بڑھے گی، ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں کے بگاڑ کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
وفاقی وزیر سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم شعبے میں جاری اصلاحات، ڈیلرز کو درپیش مسائل اور قیمتوں کے نئے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پی پی ڈی اے کے وفد نے یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتی اصلاحاتی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔
وفد نے آبنائے ہرمز کے بحران کے دوران ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے پر حکومت کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ عالمی خدشات کے باوجود ایندھن کی سپلائی مؤثراندازمیں برقراررہی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ماضی میں بھی ہفتہ وار قیمتوں کا تعین سات روزہ اوسط قیمت کی بنیاد پر کیا جاتا تھا، تاہم اب یومیہ قیمتوں کے نظام سے مارکیٹ مزید شفاف اورمسابقتی بنے گی، جبکہ مصنوعی قلت اورذخیرہ اندوزی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔
وزیر اعظم سے کینیڈین وزیر خارجہ کی ملاقات، تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اورڈیلرزسے متعلق قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو بھی شامل کیا جائے، وفاقی وزیرنے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرزکو ضابطہ سازی کے عمل کا حصہ بنایا جائے گا۔
وزیر پیٹرولیم نے پی پی ڈی اے کے مطالبے پر ڈیلرز کا مارجن 8 فیصد تک بڑھانے کی تجویز پر غور کی یقین دہانی بھی کرائی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور اوگرا کے درمیان اہم اجلاس کل منعقد ہوگا، جس میں مارجن اور دیگر معاملات پر پیش رفت متوقع ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت شفاف، مسابقتی اورصارف دوست پیٹرولیم مارکیٹ کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لے کراصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔
