اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق ایک روز 21 جولائی کے لیے ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 35 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 315 روپے 80 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے ہو گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین اوگرا کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں2.55 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 90 ڈالر 35 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 2.36 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 84.44 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سونا مزید مہنگا ، فی تولہ کتنے کا ہو گیا؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی یا اس میں مزید اضافہ ہوا تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بلند ہو سکتی ہیں۔
