اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات ہوئی جس میں علاقائی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 33ویں آسیان ریجنل فورم (ARF) وزارتی اجلاس کے موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تجارت، توانائی، کنیکٹیویٹی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے اہم شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے، کثیرالجہتی فورمز پر باہمی رابطہ کاری بڑھانے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور سرگئی لاوروف نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر داخلہ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال
ملاقات میں پاکستان اور روس کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
