راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ معرکہ حق سے متعلق نورین نیازی کا بیان پارٹی پالیسی نہیں بلکہ ان کے ذاتی خیالات ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق نورین نیازی کا انٹرویو تقریباً تین ماہ پرانا ہے، جبکہ کسی بھی متنازع بیان کو مین اسٹریم میڈیا پر نشر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی اللہ تعالیٰ کا کرم ہے، جس کا مظاہرہ پوری دنیا نے دیکھا، اور ہر پاکستانی کو اس کامیابی پر فخر ہے۔ دشمن جان چکا ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سیکیورٹی رسک اور کبھی دیگر وجوہات کی بنا پر ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ 280 دن گزرنے کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک عمران خان سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جاتی، پی ٹی آئی جوڈیشل کمیشن کے اجلاسوں اور پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے 5 ہزار لیپ ٹاپ، 2 ہزار اسکالرشپس اور بلاسود قرضوں کا اعلان
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی تک آزاد کشمیر انتخابات کا بائیکاٹ کا فیصلہ ہے، حالات بہتر ہوئے تو نظرثانی کی جاسکتی ہے، ہمارے پاس یہ رائے ضرور موجود تھی کہ بائیکاٹ کے فیصلہ پر نظرثانی کرلیں تاہم اس پر اتفاق رائے نہیں ہوا۔
