کراچی کے علاقے چاند بی بی روڈ پر اے ٹی ایم میں لگنے والی آگ کے واقعے نے نیا رخ اختیار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے چاند بی بی روڈ پر واقع ایک اے ٹی ایم میں آگ لگنے کا واقعہ، جسے ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ قرار دیا جا رہا تھا، اب ایک نئے موڑ پر پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک شخص اے ٹی ایم کے اندر داخل ہوتا ہے اور مبینہ طور پر مشین کے اندر پیٹرول انڈیلتا ہے۔ ملزم آگ لگانے کی کئی مرتبہ کوشش کرتا ہے۔
ملزم کی پہلی دو کوششیں ناکام رہتی ہیں، تاہم تیسری کوشش کے دوران اچانک زوردار شعلے بھڑک اٹھتے ہیں اور پورا اے ٹی ایم آگ کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور اس میں ملوث شخص کی شناخت کی جا سکے۔
اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث منظم گروہ کے 5 ارکان گرفتار
تاحال پولیس یا متعلقہ اداروں کی جانب سے کسی مشتبہ شخص کی شناخت، گرفتاری یا واقعے کے دوران اس کی حالت سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واقعے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے بارے میں حتمی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس دوران شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے کے بجائے متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری ہونے والی سرکاری معلومات کا انتظار کریں۔
