کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ سندھ حکومت کم آمدنی والے اور دور دراز علاقوں کے مزید 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرے گی تاکہ انہیں سستی، قابل اعتماد اور ماحول دوست بجلی کی سہولت میسر آ سکے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر 18 ارب 20 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کو توانائی کے شعبے میں حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت آف گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 32 ہزار جبکہ آن گرڈ علاقوں کے ایک لاکھ 43 ہزار خاندانوں کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ ہر مستحق خاندان کو 180 واٹ کا سولر پینل، بیٹری، پنکھا اور ایل ای ڈی لائٹس فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنی بنیادی بجلی کی ضروریات آسانی سے پوری کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 15 ہزار سے زائد سولر کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ حکومت نے جون 2027 تک تمام 2 لاکھ 75 ہزار مستحق خاندانوں میں سولر سسٹم کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے نورین نیازی کے بیان سے لاتعلقی ظاہر کر دی
شرجیل میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف بجلی کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ کم آمدنی والے طبقے کو پائیدار اور سستی توانائی فراہم کر کے ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔
