دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی جس میں متعدد پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں ترقی حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے نمبر پر آ گئے، جبکہ سلمان علی آغا دو درجے بہتری کے ساتھ 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بھارتی کپتان صرف ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہیں۔
ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ میں ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ قومی کپتان شاہین شاہ آفریدی دو درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے۔ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی دو درجے ترقی کے ساتھ ٹاپ 20 باؤلرز میں شامل ہو گئے۔
ٹی 20 باؤلرز کی رینکنگ میں بھی ابرار احمد دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ قومی اسپنر محمد نواز دسویں اور سلمان مرزا سولہویں نمبر پر موجود ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ پہلی بار ٹاپ 20 آل راؤنڈرز میں شامل ہو گئے۔
ٹی 20 بیٹرز کی رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے اپنی تیسری پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ ٹی 20 آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے، صائم ایوب دوسرے اور محمد نواز دسویں نمبر پر برقرار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کی مدد سے متعلق متنازع پوسٹ لائک کردی
نئی رینکنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی عالمی سطح پر ٹیم کی مضبوط موجودگی کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔
