محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے اور زیرِ آب آنے کا خطرہ ہے، جس کے باعث شہری انتظامیہ کو نکاسی آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے، جس سے شاہراہوں کی بندش اور آمدورفت میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
مزید برآں، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان کے پہاڑی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں مون سون کے دوران ممکنہ خطرات، پیشگی وارننگ سسٹم اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیراعلیٰ کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار، قومی مانیٹرنگ نظام اور جدید پیشگی وارننگ سسٹم سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ این ای او سی کے ذریعے ملک بھر میں موسم، دریاؤں، ندی نالوں اور قدرتی آفات سے متعلق خطرات کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ بروقت فیصلے اور مؤثر ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔
🚨
🇵🇰 باكستان | انهيارات طينية وصخرية تضرب منطقة ناران شمال البلاد، وسط استمرار سوء الأحوال الجوية ومخاوف من تأثر الطرق الجبلية وحركة التنقل.#Pakistan pic.twitter.com/RTj59Rm9QP— طقس_العالم ⚡️ (@Arab_Storms) July 21, 2026
چیئرمین این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان کو درپیش مون سون کے خطرات، خصوصاً سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں سے اچانک آنے والے سیلاب (گلاف) کے خدشات اور ان سے نمٹنے کے حفاظتی اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ بروقت پیشگی وارننگ، مؤثر رابطہ کاری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات میں کمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان کا ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان ایڈووکیٹ امجد حسین نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کی جدید استعداد، مؤثر نگرانی کے نظام اور قومی سطح پر رابطہ کاری کے طریقہ کار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قدرتی آفات سے نمٹنے کی قومی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر این ڈی ایم اے اور حکومت گلگت بلتستان نے مون سون سیزن کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ، بروقت پیشگی اقدامات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
