سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 29 ہزار 236 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 4 ہزار 29 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 68 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، جہاں فی تولہ چاندی 219 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 396 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 47 ڈالر فی اونس کا اضافہ ہوا ہے ، جس کے بعد فی اونس سونا 4 ہزار 68 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجوہات عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، امریکی ڈالر میں اتار چڑھاؤ، مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل خریداری اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی تناؤ ہیں۔
سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ اگر امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں کمی کے امکانات بڑھتے ہیں تو سونے کی قیمتوں کو مزید سہارا مل سکتا ہے، کیونکہ کم شرح سود کی صورت میں سونے میں سرمایہ کاری نسبتاً زیادہ پرکشش ہو جاتی ہے۔
امریکا ایران کشیدگی:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی سیاسی کشیدگی اور معاشی خدشات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتیں مزید بلند سطح پر جا سکتی ہیں تاہم ڈالر کی مضبوطی یا عالمی مالیاتی پالیسی میں تبدیلی کی صورت میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ بھی متوقع ہے۔
