لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر آزاد کشمیر کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 15 کلینک آن ویلز اور ضروری ادویات روانہ کردی گئی ہیں، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خصوصی تقریب میں کلینک آن ویلز کو روانہ کیا۔
اس موقع پر عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر موبائل طبی یونٹس اور ضروری ادویات آزاد کشمیر بھیجی جا رہی ہیں تاکہ وہاں کے عوام کو علاج معالجے کی فوری سہولت میسرآ سکے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں عوام دوست اقدامات پر عمل پیرا ہے اور طبی سہولیات کو صرف پنجاب تک محدود رکھنے کے بجائے ضرورت کے مطابق دیگرعلاقوں تک بھی پہنچایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں متاثرہ علاقوں کی مدد کرنا حکومت کی قومی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
عمران نذیر نے مزید کہا کہ کلینک آن ویلز منصوبہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سندھ حکومت کا مفت سولر سسٹم پروگرام، 2 لاکھ 75 ہزار خاندانوں کو سولر کٹس ملیں گی
ان موبائل کلینکس کے ذریعے مستند ڈاکٹرز، طبی عملہ، تشخیصی سہولیات اور ضروری ادویات ایک ہی جگہ دستیاب ہوتی ہیں، جس سے ہزاروں مریض مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
