اسلام آباد: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں سوراب اور مستونگ میں بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مشترکہ آپریشنز کیے۔
مختلف علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کارروائیوں میں 10 دہشتگرد مارے گئے۔ ضلع سوراب میں کارروئیواں کے دوران 7 جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔
مستونگ آپریشن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خودکش بمبار خواتین اور سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بیرونی مداخلت سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائیاں قومی امن کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ جبکہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اور دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ دہشتگرد بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں اور مجھ سمیت قوم افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 10 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ہمارے سر کا تاج اور اصل ہیرو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی روسی ہم منصب سے ملاقات، علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال
محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔
