عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے خبردار کیا ہے کہ توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب کے باعث عالمی مہنگائی کی شرح 4.7 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ کئی ممالک کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے یہ بات چین کے شہر شینژن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عالمی سطح پر معیشتوں میں مانیٹری پالیسی سخت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

خیال رہے کہ مانیٹری پالیسی سخت کرنے کا ایک اہم طریقہ شرح سود میں اضافہ ہے جس کے ذریعے قرض لینے اور اخراجات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
پاکستان میں مہنگائی اور شرح سود کی صورتحال
پاکستان میں بھی مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گزشتہ ماہ کے انفلیشن مانیٹر کے مطابق ملک میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) پر مبنی سالانہ مہنگائی کی شرح اکتوبر میں 9.6 فیصد رہی جبکہ یہ ستمبر میں 10.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اکتوبر 2025 میں یہ شرح 6.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اکتوبر میں ماہانہ بنیاد پر مہنگائی میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ستمبر میں یہ اضافہ 1.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 26 اکتوبر کو شرح سود میں 0.5 فیصد اضافہ کرتے ہوئے اسے 12 فیصد کردیا تھا۔ اس فیصلے کا اطلاق 27 اکتوبر سے ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ میں تنازع شدت اختیار کرنے اور اس کے جلد حل ہونے کے امکانات کم ہونے کے باعث عالمی توانائی کی قیمتیں مسلسل بلند سطح پر ہیں۔
مانیٹری پالیسی کمیٹی کے مطابق عالمی صورتحال کے باعث پاکستان میں مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ کمیٹی نے توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں کے نتیجے میں مہنگائی کے بالواسطہ اثرات کو روکنے کے لیے شرح سود میں اضافے کو ضروری قرار دیا تھا۔
اسٹیٹ بینک نے اپنی سالانہ رپورٹ برائے 2025-26 میں مالی سال 2026-27 کے دوران اوسط قومی مہنگائی کی شرح 5.5 سے 7.5 فیصد رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تخمینہ جولائی کی پیش گوئی پر مبنی ہے جس میں عالمی تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل فرض کی گئی تھی اور جنوری 2027 میں تیل کی بلند قیمتوں اور دیگر پیش رفت کی روشنی میں اس پر نظرثانی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ ماہ پاکستان میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی، عالمی توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور عالمی مالیاتی حالات میں سختی کو ملکی معیشت کے لیے خطرات میں شمار کیا تھا۔
7 اکتوبر کو جاری اعلامیے میں آئی ایم ایف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا تھا کہ مہنگائی کو پائیدار بنیادوں پر اپنے مقررہ ہدف کی حد میں واپس لانے کے لیے مناسب حد تک سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھی جائے۔ آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ شرح مبادلہ میں لچک بیرونی معاشی جھٹکوں کے اثرات کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026 کے پہلی 3 سہ ماہیوں میں پاکستان کی حقیقی معاشی شرح نمو 4 فیصد رہی جبکہ پورے مالی سال کے لیے شرح نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد لگایا گیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ توانائی کی بلند قیمتوں اور فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث معاشی سرگرمیوں کی رفتار کچھ متاثر ہوئی۔ ستمبر 2026 میں عمومی مہنگائی کی شرح کم ہو کر تقریباً 10.3 فیصد رہ گئی تھی جو مئی میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔



