ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.21 فیصد رہی۔
پاکستان ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق 12 نومبر 2026 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کا اشاریہ (ایس پی آئی) 0.46 فیصد کم ہوا، جس کے بعد یہ 372.90 پوائنٹس پر آگیا، رپورٹ کے مطابق ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں سے 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 12.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد، لہسن 1.76 فیصد اور مرغی 1.32 فیصد مہنگی ہوئی۔ اسی طرح آٹے کی قیمت میں 0.94 فیصد، دال مسور میں 0.64 فیصد، بیف میں 0.47 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 0.30 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مجموعی طور پر کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 7.42 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 6.10 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے علاوہ پیاز 1.70 فیصد، کیلے 1.03 فیصد، گڑ 0.59 فیصد اور چینی 0.43 فیصد سستی ہوئی، پاؤڈر دودھ، دال مونگ اور دال چنا کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول کی اوسط قیمت 337 روپے 22 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی اوسط قیمت 366 روپے 33 پیسے فی لیٹر رہی۔ چینی کی فی کلو اوسط قیمت 139 روپے 95 پیسے ریکارڈ کی گئی جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی اوسط قیمت 2 ہزار 968 روپے 92 پیسے اور فی درجن انڈوں کی قیمت 272 روپے 89 پیسے رہی۔
سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ایل پی جی کی قیمت میں سب سے زیادہ 111.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ایک سال کے دوران ٹماٹر 78.94 فیصد، بجلی کے نرخ 52.38 فیصد اور آٹا 36.14 فیصد مہنگا ہوا۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 30.77 فیصد، پیٹرول میں 26.23 فیصد، پیاز میں 19.67 فیصد، مٹن میں 14.67 فیصد، بیف میں 11.30 فیصد اور مرغی کی قیمت میں 10.98 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق 11.67 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی اوسط قیمت بڑھ کر 6 ہزار 517 روپے 8 پیسے ہوگئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں اس کی قیمت 3 ہزار 83 روپے 59 پیسے تھی۔ بجلی کے پہلے سلیب کے نرخوں میں بھی ایک سال کے دوران 52.38 فیصد اضافہ ہوا اور فی یونٹ قیمت 4 روپے 83 پیسے سے بڑھ کر 7 روپے 36 پیسے ہوگئی۔
دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ ایک سال کے دوران آلو 36.41 فیصد، چینی 24.54 فیصد اور انڈے 23.29 فیصد سستے ہوئے۔ اس کے علاوہ پاؤڈر نمک کی قیمت میں 12.51 فیصد، دال مسور میں 7.21 فیصد، دال مونگ میں 6.83 فیصد، گڑ میں 6.63 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 3.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ ہفتہ وار مہنگائی میں کمی کا بنیادی سبب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے تاہم ٹماٹر، آٹا، انڈے، ایل پی جی اور بجلی کے نرخوں میں سالانہ اضافے کے باعث عام شہریوں کے گھریلو بجٹ پر دباؤ برقرار ہے۔



