حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں مزید کمی کر دی ہے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت برقرار رکھی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 325 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 328 روپے فی لیٹر تھی، جس میں اب 3 روپے کمی کی گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی سابقہ قیمت بھی 358 روپے فی لیٹر تھی جسے برقرار رکھا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکل سواروں، نجی گاڑیوں کے مالکان اور دیگر صارفین کو کچھ ریلیف ملنے کی توقع ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت برقرار رہنے کے باعث ٹرانسپورٹ اور مال برداری کے اخراجات میں فوری کمی کا امکان نہیں۔
واضح رہے کہ ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد اب کم ہو چکی ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان 28 فروری کو جنگ شروع ہوئی تو ڈیزل 281 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت میں اضافہ شروع ہوا۔
پیٹرول کی قیمت بھی مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے بھی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، تاکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پڑنے والے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔
اس سے قبل 17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
رواں سال ہی مارچ کے آغاز سے حکومت ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ اس دوران مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے گئے۔



