ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کیلیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق وفاقی پنشن اخراجات 2016 سے اب تک تقریباً 5 گنا بڑھ چکے ہیں جو سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں، پرانا پنشن نظام غیر فنڈڈ تھا جس کی وجہ سے سارا بوجھ بجٹ پر تھا۔ پنشن اصلاحات سے مالی دباؤ کم ہو گا۔
پاکستان کو اس وقت بڑھتے ہوئے قرضوں، حکومتی اخراجات اور مالیاتی خسارے جیسے متعدد معاشی چیلنجز درپیش ہیں۔ ایسے میں پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی مالی معاونت اہم پیش رفت ہے۔ اس معاونت سے پنشن کے انتظامی ڈھانچے کو جدید بنانے، نظام میں شفافیت اور وفاقی بجٹ پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین نئے نظام میں شامل ہیں، نیا نظام پنشن کے انتظام، شفافیت اور ڈیجیٹل سسٹم کو بہتر بنائے گا، اصلاحات سے ترقیاتی اور سماجی اخراجات کے لیے مالی گنجائش پیدا ہو گی۔
ایشیائی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پنشن نظام مضبوط بنانے کیلئے اہم اقدامات کیے ہیں، بینک کا یہ پروگرام ان اصلاحات کو مستقل بنیادوں پر نافذ کرنے اور ادارہ جاتی سطح پر مستحکم بنانے میں مدد دے گا۔
خیال رہے روایتی پنشن نظام کی وجہ سے بڑھتا ہوا مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت نے یکم جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کے لیے نیا شراکتی پنشن نظام متعارف کرایا، جس میں ملازم اور حکومت دونوں پنشن فنڈ میں حصہ ڈالیں گے۔
نئے نظام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پنشن کی ذمہ داری صرف مستقبل کے سالانہ بجٹ پر منحصر نہ رہے بلکہ ملازمت کے دوران باقاعدہ فنڈ جمع کیا جائے۔ حکومت نے رواں سال اس نظام کو عملی شکل دینے کیلیے پنشن فنڈ مینیجرز کے ساتھ بھی معاہدے کیے ہیں۔



