سعودی عرب کی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی نے پاکستان میں گیس پائپ لائنز سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث بحری راستوں بالخصوص آبنائے باب المندب کی بندش کے بعد آئل اسٹوریج اور ایکسپورٹ کے ممکنہ نئے طریقوں اور راستوں کی تلاش میں ہے جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز کے مطابق پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں ںے گزشتہ ماہ سعودی سفیر کو پالیسی کے تحت سعودی کمپنیوں کو تجارتی بنیادوں پر تیل کے ذخائر قائم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات سے سعودی عرب کو آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سے منسلک بحری ترسیل کے خطرات میں تنوع لانے اور ایشیائی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔
(1/2) Federal Minister Ali Pervaiz Malik met 🇸🇦 Amb H.E. Dr. Rajeh bin Tami Al-Baqmi to discuss expanding strategic cooperation in oil storage, refinery upgradation, LPG supplies and minerals. The Minister highlighted investment opportunities in Pak’s bonded oil storage https://t.co/ydej04fpeI
— Petroleum Division, Ministry of Energy (@Official_PetDiv) October 30, 2026
ان کے مطابق بلوچستان کے علاقے حب میں بڑے پیٹرولیم اسٹوریج اور ریفائننگ کمپلیکس قائم کیا جائے گا جس سے پاکستان کے توانائی راہداری بننے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور اس ریفائنری اپ گریڈیشن پروگرام میں سعودی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز (آئی ایس جی ایس) اور سعودی کمپنی ڈیلٹا انرجی سعودی کے درمیان یہ معاہدہ گزشتہ روز اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت طے پایا۔ مجوزہ منصوبے پر 25 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
گیس پائپ لائن ترکمانستان سے گوادر تک لانے کا منصوبہ
پی آئی ڈی کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت ترکمانستان سے افغانستان کے راستے پاکستان میں چمن کے قریب داخل ہونے والی گیس پائپ لائن کو بعد ازاں بلوچستان سے گزارتے ہوئے گوادر تک پہنچایا جائے گا۔
منصوبے کے تحت گوادر میں ایل این جی ٹرمینل بھی قائم کیا جائے گا جبکہ بعد میں پائپ لائن کو ملک کے دیگر علاقوں تک توسیع دینے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت کے مطابق اس منصوبے کا مقصد پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کی فراہمی کے ذرائع میں اضافہ، توانائی کا تحفظ بہتر بنانا اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہے۔
مشرقی سرحد اور بھارت تک پائپ لائن کا امکان
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈیلٹا انرجی اور آئی ایس جی ایس کے معاہدے میں پاکستان کی مغربی سرحد سے ملک میں داخل ہونے والی گیس پائپ لائن کو گوادر تک پہنچانے کے ساتھ اسے مشرقی سرحد تک توسیع دینے کا امکان بھی شامل ہے۔
مجوزہ پروگرام میں ایل این جی کی تنصیبات، گیس کی پروسیسنگ اور ذخیرہ کرنے کی سہولیات کے علاوہ گیس برآمد کرنے کے لیے ٹرمینلز کی تعمیر کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
رائٹرز کے مطابق منصوبے میں پاکستان کے افغانستان سے متصل سرحدی شہر چمن سے ایک الگ گیس پائپ لائن بچھانے کی تجویز بھی شامل ہے جو پاکستان سے گزرتے ہوئے بھارت کی سرحد کے قریب فاضلکا تک پہنچے گی۔
ڈیلٹا انرجی نے اس راستے کو اپنی حکمت عملی کا بنیادی عزم قرار دیا ہے تاہم اس پر عمل درآمد کے لیے پاکستان اور بھارت کے متعلقہ حکام کے ساتھ باضابطہ رابطوں اور معاہدوں کی ضرورت ہوگی۔
افغانستان کے گیس وسائل سے استفادے کا امکان
رائٹرز کے مطابق ڈیلٹا انرجی سعودی نے افغانستان کے کشک گیس کنسیشن اور وہاں موجود گیس کے دیگر وسائل کو پاکستان کے لیے گیس کی ممکنہ فراہمی کے ذرائع میں شامل کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مجوزہ منصوبہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے سے الگ ہوگا اور اس کے لیے ترکمانستان سے گیس کی فراہمی پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔
30ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حتمی نہیں
رائٹرز کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدہ مجوزہ منصوبوں کی جانچ پڑتال اور ان کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ مزید برآں یہ معاہدہ سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے یا منصوبوں کی تعمیر اور مالی معاونت کی ضمانت نہیں ہے۔
Press Release 📢
Signing of MoU at SIFC on 17 November 2026
Today Inter State Gas Systems (ISGS) a state-owned under the Petroleum Division, Pakistan and Delta Energy Saudi (DES) a Saudi-based company, part of Delta International Group signed a Memorandum of Understanding (MoU) to jointly assess the feasibility of a gas pipeline from Turkmenistan across Pakistan to Gwadar.
The signing ceremony was held under the auspices of the Special Investment Facilitation Council (SIFC) and was attended by senior leadership of SIFC, Petroleum Division, ISGS and Delta Energy.
With an estimated investment of USD 25 – 30 billion, the proposed project envisages gas pipeline from Turkmenistan through Afghanistan, entering Pakistan near Chaman and running across Balochistan to Gwadar, where an LNG terminal is planned, with a later expansion towards other locations.
The proposed gas-pipeline project is aimed to strengthen energy security, diversify supply sources and add value to the regional connectivity.
— SIFC | Special Investment Facilitation Council🇵🇰 (@sifcpakistan) November 17, 2026
واضح رہے کہ پاکستان میں گیس درآمد کرنے کے لیے دیگر پائپ لائن منصوبے بھی کئی برس سے تاخیر کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مجوزہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
انگریزی روزنامہ ڈان کے مطابق پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان مجوزہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ بھی کئی برس سے زیرِ التوا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ترکمانستان کے گالکنیش گیس فیلڈ سے افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت تک سالانہ 33 ارب مکعب میٹر گیس پہنچائی جانی ہے۔ اس پائپ لائن کی تعمیر میں افغانستان کی سکیورٹی صورتحال کے باعث بار بار تاخیر ہوئی ہے۔ تاہم 17 نومبر 2026 کو پاکستان اور ترکمانستان نے منصوبے پر پیش رفت کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کا توانائی کے شعبہ میں تعاون
ترجمان دفتر خارجہ نے گزشتہ برس اکتوبر میں منعقدہ ایک پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس فریم ورک کے تحت توانائی، صنعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان منصوبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے بجلی کے نظام کو آپس میں منسلک کرنے اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشتوں پر کام بھی شامل تھا۔
رواں برس فروری میں سعودی عرب نے گوادر میں آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس قائم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔ اس منصوبے میں روزانہ 3 لاکھ بیرل خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت رکھنے والی ریفائنری کی تجویز شامل تھی۔ سعودی عرب نے اسی عرصے میں پاکستان کو مؤخر ادائیگی پر تیل فراہم کرنے کی سہولت بھی دی تھی۔
گزشتہ ماہ بھی دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون پر مزید بات چیت ہوئی جس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پاکستان میں تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات، ریفائنریوں کی استعداد بہتر بنانے، خام تیل کی اضافی خریداری اور ایل پی جی کی فراہمی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے سعودی کمپنیوں کو ملک میں تیل ذخیرہ کرنے اور ریفائنری کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔
ڈیلٹا انرجی سعودی اور آئی ایس جی ایس کے درمیان نیا معاہدہ بھی اسی تعاون کو توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور گیس کی ترسیل کے منصوبوں تک وسعت دینے کی ایک کوشش ہے۔ تاہم اس کے تحت مجوزہ سرمایہ کاری اور منصوبوں کی تعمیر کا حتمی فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے۔
