چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے امن و خوشحالی کے حصول کے لیے بلوچستان کے عوام کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ دیا۔
فیلڈ مارشل کا دورہ تربت ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ 14 نومبر کو بلوچستان کے علاقےکولپور میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے ایک میجر اور حوالدار نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تربت پہنچنے پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پرفیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس کے علاوہ انہیں بلوچستان کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جوانوں سے ملاقات کی اور چیلنجنگ آپریشنل حالات کے درمیان مادر وطن کے دفاع کے لیے ان کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فیلڈ مارشل نے ”امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے حصول کی مسلسل کوششوں میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔“


