ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 13 ماہ بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ روپے سے نیچے آگئی۔
آخری بار سونے کی فی تولہ قیمت ستمبر 2025 میں 4 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آئی تھی ،27 ستمبر 2025 کو فی تولہ سونے کی قیمت 3لاکھ، 97ہزار700 روپے ہوگئی تھی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی جس کے بعد ایک تولہ سونا 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے کا ہوگیا۔
اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں 8 ہزار573 روپے کمی ہوئی جس کے بعد 10گرام سونا 3 لاکھ 42 ہزار،23 روپے کا ہوگیا۔
گزشتہ روز مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں استحکام رہا تھا۔اس سے پہلے سونے کی قیمت میں مسلسل 6 روز سے کمی کا رجحان تھا۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔


