پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 میں شرکت سے متعلق گردش کرتی خبروں کی تردید کر دی ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے محمد عامر کے بارے میں بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ برطانوی شہری کی حیثیت سے آئی پی ایل میں شرکت کر سکتے ہیں۔
پاکستانی کرکٹرز نے 2008 میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں شرکت کی تھی، تاہم اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی اور سفارتی کشیدگی کے باعث پاکستانی کھلاڑی اس لیگ کا حصہ نہیں بن سکے۔
محمد عامر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے گردش کرتی خبریں درست نہیں۔
Hi everyone just wanted to clarify news regarding IPL is not true.
— Mohammad Amir (@iamamirofficial) November 2, 2026
واضح رہے کہ محمد عامر رواں سال مئی میں برطانیہ کا پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری بن گئے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کیلیے رجسٹریشن کروائی ہے جس کے بعد ان کی آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے مزید زور پکڑ لیا تھا۔
محمد عامر کے بیان کے بعد بھارتی میڈیا اور کرکٹ حلقوں میں ان کی ممکنہ آئی پی ایل شرکت کے حوالے سے جاری قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔
محمد عامر نے 2024 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ پاکستان کی جانب سے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے اور 62 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 259 وکٹیں حاصل کی ہیں۔



