وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، امن و امان کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ حالیہ دنوں میں ایک بار پھر سیاسی بحث کا مرکز بن گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اس معاملے پر پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے ہفتے کو جیوز نیوز سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم ہوگا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سندھ کی تقسیم کی مخالفت کر چکے ہیں۔ تاہم حکومت کی جانب سے تاحال ریفرنڈم یا نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی باضابطہ تجویز پیش نہیں کی گئی۔
ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہ راست عوام کی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملکی مستقبل سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی ایک مؤثر راستہ ہو سکتا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز عام لوگ ہیں، آج درست سمت میں قدم نہ اٹھایا تو کل معاف نہیں کرے گا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی منشا کے مطابق تمام تر فیصلے کرنا وقت کا اولین تقاضا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی اور قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی چوہدری شجاعت حسین کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین اور صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ چوہدری سالک حسین کی شرکت اس لیے بھی قابل ذکر ہے کہ وہ اس سے قبل محسن نقوی کے ساتھ نئے صوبوں اور اسلام آباد کی انتظامی حیثیت کے معاملے پر ہونے والی مشاورت میں بھی شریک رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ مختلف ادوار میں سامنے آتا رہا ہے۔ جنوبی پنجاب، بہاولپور اور ہزارہ کو الگ صوبے بنانے کی تجاویز اس بحث کا حصہ رہی ہیں۔ تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی طریقہ کار اور متعلقہ صوبائی اسمبلیوں کی منظوری سمیت کئی قانونی و سیاسی مراحل درکار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رواں سال جولائی میں نئے انتظامی یونٹس بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کی تجویز بھی پیش کی۔ دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 12 سے 15 صوبوں کے مجوزہ انتظامی خاکے کا ذکر کیا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو اس معاملے پر کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی حکومتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔



