موسم سرما اپنے ساتھ صرف سردی نہیں لاتا بلکہ اس کا ایک بظاہر کم ڈسکس کیا جانے والا تحفہ ایک خاص قسم کی سستی اور تھکاوٹ ہے جو کسی اور موسم میں محسوس نہیں کی جاتی۔
اس سستی اور تھکاوٹ کی عام علامات میں مسلسل جمائیاں آنا، بستر سے اٹھنے میں دشواری، کام یا پڑھائی میں دل نہ لگنا، اور کام کے دوران بار بار چائے یا کافی کی طلب محسوس کرنا شامل ہیں۔
برطانوی ادارے ہیلتھ اسپین کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 97 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ تر وقت تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں جبکہ ڈاکٹروں کے پاس آنے والے ہر 10 میں سے ایک مریض تھکاوٹ کے علاج کے لیے رجوع کرتا ہے۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ سردیوں میں دن چھوٹے ہو جاتے ہیں اور جسم کو دھوپ کم ملنے کے باعث صبح بیدار ہونا اور دن بھر چاق و چوبند رہنا مشکل ہو سکتا ہے۔
اس تھکاوٹ اور سستی کو مات دینے اور جسم کی توانائی برقرار رکھنے کے لیے روزمرہ معمولات میں چند تبدیلیاں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
سورج کی روشنی میں وقت گزاریں
سردیوں میں دھوپ کی کمی جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی، یعنی سونے اور جاگنے کے معمول کو متاثر کر سکتی ہے۔ اندھیرے میں جسم نیند لانے والے ہارمون میلاٹونن کی زیادہ مقدار پیدا کرتا ہے، جس سے سستی اور نیند کا احساس بڑھ سکتا ہے۔

دن کے وقت پردے کھلے رکھیں اور زیادہ سے زیادہ قدرتی روشنی میں وقت گزاریں۔ دوپہر کے کھانے کے وقفے میں تیز قدموں سے چہل قدمی بھی توانائی بڑھانے، بلڈ پریشر کم کرنے اور مزاج بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔
نیند کا وقت مقرر کریں
کم نیند اگلے دن تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے، تاہم سردیوں میں ضرورت سے زیادہ سونا بھی صبح سستی اور بوجھل پن پیدا کر سکتا ہے۔
روزانہ تقریباً ایک ہی وقت پر سونے اور جاگنے کی عادت اپنائیں اور رات کو بلا تعطل آٹھ گھنٹے نیند لینے کی کوشش کریں۔ بہتر نیند کے لیے سونے سے ایک گھنٹہ پہلے اسکرینوں کا استعمال ترک کریں، شام کے وقت کیفین کم لیں اور سونے کے لیے کمرے کا ماحول آرام دہ بنائیں۔
جسمانی سرگرمی جاری رکھیں
تھکاوٹ کے دوران ورزش کرنا مشکل محسوس ہو سکتا ہے، لیکن صبح کے وقت جسمانی سرگرمی سے اینڈورفنز خارج ہوتے ہیں، جو مزاج بہتر بنانے اور توانائی کا احساس پیدا کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
اگر گھر پہنچنے کے بعد شام کو جلد تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے تو سہ پہر کے وقت ورزش کرنا بھی مفید ہو سکتا ہے۔ سرد موسم یا اندھیرے میں باہر ورزش کرنا مشکل ہو تو جم یا کھیلوں کے مرکز میں ورزش کی جا سکتی ہے۔ برطانوی ادارۂ صحت این ایچ ایس کی ہدایت کے مطابق ہفتے میں کم از کم 150 منٹ جسمانی سرگرمی کا ہدف رکھنا چاہیے۔
غذائیت سے بھرپور خوراک کھائیں
توانائی حاصل کرنے کے لیے بار بار کافی پینے یا میٹھی اشیا کھانے کے بجائے غذائیت سے بھرپور خوراک کو ترجیح دیں۔ میٹھی چیزیں فوری طور پر توانائی کا احساس تو دیتی ہیں، لیکن یہ اثر عارضی ہوتا ہے اور بعد میں تھکاوٹ بڑھ سکتی ہے۔
ناشتے میں دلیہ کھانے سے بی وٹامنز حاصل ہوتے ہیں، جو خوراک کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ دلیے میں موجود پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس دیر تک توانائی فراہم کرتے ہیں اور پیٹ بھرے رہنے کا احساس برقرار رکھتے ہیں۔
دوپہر کے کھانے میں سامن مچھلی سے اومیگا تھری حاصل کیا جا سکتا ہے، جبکہ اسنیک کے طور پر گوجی بیریز کھانے سے بھی جسم کے توانائی پیدا کرنے کے عمل میں مدد دینے والے غذائی اجزا مل سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سے مشورہ کب ضروری ہے؟
برطانوی ادارۂ صحت کے مطابق سردیوں میں تھکاوٹ اور سستی محسوس ہونا عام بات ہے اور عموماً یہ کسی سنگین بیماری کی علامت نہیں ہوتی۔ تاہم بعض طبی مسائل، مثلاً موسمی ڈپریشن (سیزنل ایفیکٹیو ڈس آرڈر)، دائمی تھکاوٹ کا سنڈروم اور خون کی کمی بھی مسلسل تھکاوٹ کا سبب بن سکتے ہیں۔
اگر تھکاوٹ روزمرہ زندگی کو متاثر کر رہی ہو یا طویل عرصے تک برقرار رہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
