مالی بحران اور آپریشنل مشکلات سے دوچار بھارتی ایئرلائن اسپائس جیٹ کا ’انوکھا فراڈ‘اس وقت پکڑا گیا جب اس پر ایسی پروازوں کے ٹکٹ فروخت کرنے کا الزام سامنے آیا جنہیں چلانے کی اجازت ہی موجود نہیں۔
برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق اسپائس جیٹ کی ویب سائٹ پر 24 نومبر کو نئی دہلی سے دبئی جانے والی پروازوں کی بکنگ دستیاب تھی اور اس حوالے سے کسی ممکنہ تعطل کی خصوصی وارننگ بھی موجود نہیں تھی۔ حالانکہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 12 نومبر کو گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ڈناٹا (dnata) کے واجبات کی مبینہ عدم ادائیگی پر اسپائس جیٹ کی چیک اِن سروسز معطل کردی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق ایئرلائن پر 14 ملین اماراتی درہم، یعنی تقریباً 30 لاکھ پاؤنڈ واجب الادا تھے جس کے باعث اسی روز بھارت جانے والی 4 پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ اسپائس جیٹ نے اس معاملے پر کہا تھا کہ وہ مسئلے کے حل کے لیے کام کررہی ہے اور اس کے پاس مناسب بینک گارنٹی موجود ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق اسپائس جیٹ کی ویب سائٹ پر دبئی کے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DWC) کے لیے پروازیں دستیاب نہیں تھیں تاہم دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کے لیے ٹکٹ بک کیے جاسکتے تھے۔
دی انڈیپینڈنٹ نے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ممبئی سے دبئی جانے والی پرواز ایس جی 5060، جو مبینہ طور پر ایک ہفتے سے آپریٹ نہیں ہوئی تھی، 21 نومبر کو بھی بکنگ کے لیے دستیاب تھی۔
اسپائس جیٹ کے بحران نے صرف بین الاقوامی پروازوں کو ہی متاثر نہیں کیا بلکہ اس کے اندرون ملک فضائی آپریشنز بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
دی انڈیپینڈنٹ نے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ایئرلائن اپنے روزانہ کے شیڈول میں شامل نصف سے زیادہ پروازیں منسوخ کررہی ہے اور موسم سرما کے منظور شدہ شیڈول میں شامل 66 پروازوں کے مقابلے میں تقریباً 15 پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔
ایئرلائن کے بورڈ نے 18 نومبر کو مالی مشکلات سے نمٹنے کے لیے 480 ملین پاؤنڈ تک کے فنڈز جمع کرنے کی تجویز کی منظوری بھی دی تھی۔
بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے 17 نومبر کو اسپائس جیٹ کو 7 روزہ شوکاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں ضابطہ جاتی اور آپریشنل بے ضابطگیوں کے 8 واقعات کی نشاندہی کی گئی تھی۔
اسپائس جیٹ کی مسلسل منسوخیوں اور ریفنڈ میں تاخیر کے باعث مسافروں کی شکایات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
دی انڈیپینڈنٹ نے بھارتی خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو ایئرسیوا پورٹل کے ذریعے ایئرلائن کے خلاف 7 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوچکی ہیں۔ تاہم اسپائس جیٹ نے ان الزامات پر تاحال عوامی سطح پر کوئی جواب نہیں دیا کہ وہ ایسی پروازوں کے ٹکٹ فروخت کررہی ہے جنہیں آپریٹ کرنے کی اجازت اس کے پاس موجود نہیں۔
