رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان اے اور بھارت اے کی ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران ٹاس پر تنازع کھڑا ہوگیا، جہاں میچ ریفری نے سکے کا نتیجہ غلط بتانے کے بعد پاکستانی کپتان کی نشاندہی پر اپنا فیصلہ تبدیل کردیا۔
واضح رہے کہ اسی میچ میں پاکستان نے بھارت کو 48 رنز سے شکست دی، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو 314 رنز کا ہدف دیا تاہم تلک ورما کی سنچری بھی بھارتی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی اور پوری ٹیم 265 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
قطر کے شہر دوحہ میں پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کا متنازع واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان اے کے کپتان عبدالصمد نے ٹاس کے لیے ہیڈز کا انتخاب کیا، سکہ اچھالا گیا تو وہ ہیڈز پرگرا تاہم میچ ریفری پردیپ جے پرکاش نے نتیجہ ٹیل قرار دے دیا۔
پاکستانی کپتان عبدالصمد نے فوری طور پر میچ ریفری کو بتایا کہ سکہ ہیڈز پر گرا ہے جس پر ریفری نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ تبدیل کردیا۔
اس واقعے نے پاکستان اے اور بھارت اے کے میچ کے دوران ٹاس کے طریقہ کار اور میچ آفیشلز کی غیرجانبداری سے متعلق سوالات اٹھا دیئے۔
ٹاس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے اور بھارتی کرکٹ کے متنازع طرزِعمل پر تنقید کے تناظر میں بھی پیش کیا گیا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ساجد عثمانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میچ ریفری نے مائیک پر واضح طور پر بھارت کے ٹاس جیتنے کا اعلان کیا تھا تاہم اگر پاکستانی کپتان عبدالصمد نے بروقت توجہ نہ دی ہوتی تو ٹاس کا فیصلہ بھی مبینہ طور پر بے ایمانی سے بھارت کے حق میں چلا جاتا۔
“میچ ریفری نے تو مائیک میں واضح اعلان کر دیا کہ ٹاس بھارت جیت گیا ہے—لیکن اگر آج کپتان عبدالصمد کی آنکھیں کھلی نہ ہوتیں تو یہ ٹاس بھی بے ایمانی سے بھارت کی جھولی میں چلا جاتا!”
پوری دنیا نے آج دوحہ میں ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے پاک بھارت ٹاکرے میں ٹاس کے وقت ہونے والی گڑبڑ اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا
جب بھارتی کپتان تلک ورما نے سکہ اچھالا اور پاکستان شاہینز کے کپتان عبدالصمد نے “ہیڈز” (Heads) کال کی، تو میچ ریفری نے سکہ دیکھ کر “ٹیلز” کہہ دیا اور پریزینٹر نے مائیک پر بھارت کے ٹاس جیتنے کا اعلان بھی کر دیا!
لیکن کپتان عبدالصمد نے فوراً مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ “نہیں، سکہ ہیڈز گرا ہے!” اور خود جھک کر سکہ چیک کیا۔ جب ریفری نے دوبارہ دیکھا تو سکہ واقعی ہیڈز ہی تھا، جس کے بعد فیصلہ بدل کر پاکستان کو ٹاس کا فاتح قرار دیا گیا!
اس واقعے کے بعد کرکٹ فینز سوشل میڈیا پر سوالات اٹھا رہے ہیں کہ آخر اکثر بڑے میچز میں ریفری کی جانب سے بھارت کے حق میں ہی ایسی غلطیاں کیوں ہوتی ہیں؟— Sajid usmani (@sajidusmani787) November 22, 2026
ایک اور صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کھیل میں سیاست اور ٹاس کے دوران مبینہ دھوکا دہی کے باوجود پاکستان شاہینز نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کو 48 رنز سے شکست دی جبکہ تلک ورما نے خود غرضانہ انداز میں بیٹنگ کی۔
Despite India’s dirty game politics and toss cheating, Pakistan Shaheens handed India a crushing defeat in the Asia Cup Rising Stars. Tilak Varma played a very selfish innings, otherwise the match could have been even tighter.
#PAKvIND https://t.co/NjhTfCMKVP— Arsalan Khokhar (@AK_Playfield) November 22, 2026
کرکٹ جیسے کھیل میں شفافیت اور دیانت داری بنیادی اہمیت رکھتی ہے جبکہ ٹاس جیسے ابتدائی مرحلے پر بھی درست اورغیرجانبدارانہ فیصلے ضروری ہیں، کھیل میں کسی بھی ٹیم کے ساتھ امتیازی سلوک یا غلط فیصلے کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔



