انڈونیشیا میں مٹھائیاں بنانے والی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تقریباً 30 افراد تاحال لاپتا ہیں، ریسکیو اہلکار ملبے میں دبے افراد کی تلاش کے لیے مشکلات کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں آتشزدگی کے واقعات پہلے بھی بڑے جانی نقصان کا سبب بن چکے ہیں، دسمبر 2023 میں جزیرے سولاویسی کے علاقے مورووالی میں نکل پگھلانے والی فیکٹری کی بھٹی میں آگ لگنے سے 21 مزدور ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے تھے اسی طرح 2 اگست 2026 کو جزیرے مدورا کے قریب ایک مسافر بردار بحری جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 41 لاپتا ہوگئے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آگ ہفتے کی شام انڈونیشیا کے صوبے بنتن کے علاقے سیکانڈے میں واقع پی ٹی فونسوا اگونگ مولیا نامی کنفیکشنری فیکٹری کی ایک عمارت میں لگی جو دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔
صدارتی مشیر برائے محنت کے امورسعید اقبال نے صحافیوں کو بتایا کہ آتشزدگی میں 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات پرعمل درآمد کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وہ ادارے کے چیف ایگزیکٹو کو طلب کریں گے۔
سعید اقبال کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے ظاہرہوتا ہے کہ آگ لگنے کی ممکنہ وجہ ایئرکنڈیشنرمیں شارٹ سرکٹ ہوسکتا ہے تاہم حکام واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں۔
فیکٹری یونائیٹڈ فیملی فوڈ کی ملکیت ہے جس کی جانب سے فوری طور پرتبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا گیا۔
کمپنی میں مجموعی طور پر تقریباً 5 ہزارافراد کام کرتے ہیں اوریہ انڈونیشیا کی مقامی مارکیٹ میں صارفین کی اشیا فراہم کرنے والی بڑی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اس کے بیرون ملک بھی چار دفاتر ہیں۔
کمپنی کی مصنوعات میں مشہورمٹھائی برانڈ ملکیتا اورفوری تیارہونے والے نوڈلزلیمنولو شامل ہیں، فیکٹری کے چیف ایگزیکٹواسٹیون ارون وجایا کے مطابق ہفتے کی شفٹ کے دوران فیکٹری کمپلیکس میں تقریباً 300 افراد موجود تھے۔
بنتن کے سرچ اینڈ ریسکیو ادارے کے سربراہ ال امراد نے بتایا کہ پیرکو بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں تاہم عمارت کے ملبے میں موجود آگ کے باقی ماندہ مقامات اورڈھانچے کے غیرمستحکم ہونے کے باعث ریسکیو اہلکاروں کوشدید خطرات کا سامنا ہے۔
ان کے مطابق 29 افراد کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے پانچ کواسپتال منتقل کیا گیا، امدادی ٹیمیں اب تک 24 لاشوں کے تھیلے نکال چکی ہیں تاہم جائے وقوعہ پرموجود حکام فوری طورپرہلاکتوں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کرسکے۔
پولیس حکام کے مطابق آگ کی شدت کے باعث متاثرین کی شناخت ظاہری معائنے سے ممکن نہیں رہی، اس لیے ان کے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں، جس عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔



