سونے کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری، عالمی و مقامی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے سستا ہوا جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ 3 ہزار ایک روپے کی کمی کے بعد 3 لاکھ 22 ہزار 647 روپے ہو گیا۔
اس کے علاوہ 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 108 روپے کم ہو کر 4 ہزار 600 روپے پر آ گئی ، دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 35 ڈالر گھٹ کر 3 ہزار 538 کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں فی تولہ 15 ہزار 400 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 154 ڈالر کی کمی سے 3 ہزار 573 ڈالر فی اونس پر آ گیا تھا۔
واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔



