پاکستان محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں موسم سرد رہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں براعظمی ہوائیں غالب ہیں، جس کے باعث بیشتر علاقوں میں بارش کا کوئی نمایاں امکان نہیں۔
وفاقی دارالحکومت اور گردونواح میں پیر کے روز موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔ اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہے گا۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھانے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔ صوابی اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
کراچی سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں سردی محسوس ہوگی۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
🌤️Weekly Weather Outlook ( 22 – 28 November), 2026.
#PMD #weatherupdate #Rain #hotweather #Islamabad #punjab #Sindh #Balochistan #kpk #kashmir #gilgitbaltistan #StaySafe https://t.co/pC5ajY1q2F
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) November 22, 2026
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم شمالی بلوچستان کے علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 اور زیادہ سے زیادہ 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 اور کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بعض مقامات پر شدید سردی پڑنے کا امکان ہے۔ گلگت میں کم سے کم درجہ حرارت صفر اور اسکردو میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔


