جنوبی کوریا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے امتحان میں نقل کے اسکینڈل کے بعد وزیرِ تعلیم چوئی کیو جن نے استعفیٰ دے دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق وزیرِ تعلیم نے ملک کے اہم ترین کالج داخلہ امتحان سے چند روز قبل سامنے آنے والے نقل کے واقعے، اس کے بعد اٹھائے جانے والے اقدامات اور اس پر عوامی تنقید کے بعد استعفیٰ دیا۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جنوبی کوریا میں ٹیکس اکاؤنٹنٹ بننے کے خواہش مند امیدواروں کے قومی امتحان میں سب سے زیادہ نمبر لینے والے ایک نوجوان نے اعتراف کیا کہ اس نے نقل کے لیے چھوٹے کیمرے، اسمارٹ فون اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا تھا۔
نوجوان نے یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں بتایا تھا کہ اس نے ایک چھوٹے کیمرے کی مدد سے امتحانی سوالات کی تصاویر بنائیں اور انہیں اے آئی ٹول پر بھیجا، جہاں سے ملنے والے جوابات اس نے اپنے اسمارٹ فون پر دیکھے۔ نوجوان نے اپنی شناخت صرف ’ہان‘ ظاہر کی تھی اور نقل کرنے پر معافی بھی مانگی تھی۔
اس نوجوان کی غیر معمولی کارکردگی پر کئی ماہ سے شکوک و شبہات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ اس نے اپریل اور جولائی میں ہونے والے دو امتحانات میں سیکڑوں سوالات کے تقریباً مکمل نمبر حاصل کیے تھے، تاہم اس کے اعتراف کے بعد نقل کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
یہ اسکینڈل ایسے وقت سامنے آیا تھا جب جنوبی کوریا میں یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے ہونے والے اہم ترین امتحان کالج اسکالسٹک ایبیلٹی ٹیسٹ (سی ایس اے ٹی) میں صرف چار روز باقی تھے۔ اس ٹیسٹ کو ’سنونگ‘ بھی کہا جاتا ہے۔
اس واقعے کے بعد حکام کو خدشہ تھا کہ امیدوار اس امتحان میں بھی خفیہ کیمروں، اسمارٹ چشموں اور دیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے اے آئی کی مدد سے نقل کرسکتے ہیں۔
جنوبی کوریا میں ’سنونگ‘ کا امتحان تقریباً نو گھنٹے جاری رہتا ہے اور اسے ملک کی ممتاز جامعات میں داخلے کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اس امتحان میں کامیابی کو اچھی تنخواہ والی ملازمتوں اور بہتر سماجی مستقبل کے حصول کے لیے بھی اہم تصور کیا جاتا ہے۔
اس سال امتحان میں ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد امیدوار شریک ہوئے، جن کے لیے ملک بھر میں تقریباً 1300 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے حکام نے تقریباً 8 ہزار 400 اضافی نگران بھی تعینات کیے تھے۔
حکام نے نقل کی روک تھام کے لیے متعدد غیر معمولی اقدامات کیے، جن میں امتحانی مراکز میں پبلک وائی فائی کی سہولت بند کرنا، امیدواروں کے لباس کے بٹنوں پر اسٹیکرز لگانا اور مشکوک امیدواروں کی جانچ کے لیے میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال شامل تھا۔
اس کے علاوہ حکومت نے ایک نیا طریقہ بھی اختیار کیا تھا جس کے تحت امتحان کے دوران امیدواروں کے چھپائے گئے موبائل فونز کی نشاندہی کے لیے ہنگامی الرٹس جاری کیے گئے۔
جمعرات کو صبح ساڑھے آٹھ بجے جنوبی کوریا کے نو شہروں میں موبائل فونز پر تقریباً 10 سیکنڈ تک ہنگامی الارم بجائے گئے۔ یہ الارم فون کے سائلنٹ موڈ میں ہونے کے باوجود بجتے رہے تاکہ امتحانی مراکز میں چھپائے گئے فونز کی نشاندہی ہوسکے۔
وزارتِ تعلیم کے مطابق پہلے ہنگامی الرٹ کے ذریعے صبح ساڑھے 11 بجے تک 22 ایسے موبائل فونز کی نشاندہی ہوئی جو امیدواروں نے امتحان سے قبل حکام کے حوالے نہیں کیے تھے۔ اس کے بعد دو مزید غیر اعلانیہ الرٹس بھی جاری کیے گئے تاکہ ایسے فونز کا پتا چلایا جا سکے جنہیں امیدواروں نے پہلے الرٹ کے بعد بند کردیا تھا۔
حکام کے مطابق امتحان کے دوران الیکٹرانک آلات سے متعلق بدعنوانی کے 111 واقعات سامنے آئے، جن میں سے تقریباً نصف کا پتا حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے تین ہنگامی الرٹس کے ذریعے چلا۔
تاہم ان غیر معمولی اقدامات اور امتحان سے چند روز قبل کی گئی تیاریوں پر بھی حکومت کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیرِ تعلیم چوئی کیو جن کو پارلیمانی سماعت کے دوران اس وقت بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا انہیں یقین ہے کہ حکام امتحان کے دوران نقل کرنے والوں کو پکڑنے میں کامیاب ہوں گے؟ اس پر 72 سالہ وزیر نے جواب دیا تھا کہ اپنی عمر کے باعث انہیں یقین نہیں کہ وہ ایسا کر سکیں گے۔
ان کے اس بیان پر عوامی سطح پر سخت ردِعمل سامنے آیا اور حکومت کی امتحانی تیاریوں پر سوالات اٹھائے گئے۔
2027학년도 대학수학능력시험 준비 과정에 있어서 시험을 목전에 두고 여러 가지 변화가 생겨 수험생을 포함한 국민들의 불편함이 초래되었습니다.
다행히 대통령님, 총리님, 각 부처의 협력과 수험생, 학부모님, 감독관, 국민 여러분의 협조에 힘입어
큰 사고없이 마무리 되었습니다.그러나 주무부처 장관으로서 국민들께서 보시기에
미리 준비하지 못했다는 지적이나 비판으로부터
자유로운 것은 아니라고 생각합니다.수능이 마무리된 만큼 책임을 통감하고
사의를 표명합니다.교육부 장관 최교진
— 최교진 (@chamckj2025) November 22, 2026
وزیرِ تعلیم نے بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک بیان میں کہا کہ امتحان کسی بڑے واقعے کے بغیر مکمل ہوگیا، تاہم وہ بطور وزیر اس تنقید سے خود کو بری الذمہ نہیں سمجھتے کہ حکومت نے پیشگی تیاری نہیں کی تھی۔
ان کے بقول امتحان مکمل ہونے کے بعد وہ پوری ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کے مطابق صدر لی جے میونگ نے وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔


