وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کل ایک وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں، جس دن انہوں نے تبصرہ کردیا تو وہ وزیر منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ڈھائی سال سے وہ اس وزیر کے تبصرے صبر سے سن رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ وزیر ٹی وی پر آنے کے لیے ان پر تبصرے کر رہے ہیں۔ لیکن جس دن انہوں نے ان وزیر کے خلاف تبصرہ کیا تو وہ منہ چھپانے کے قابل نہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی نے اپنی گفتگو کے دوران ان وزیر کا نام نہیں لیا۔
کاروباری افراد پر تنقید سے متعلق محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک میں جن کاروباری افراد پر تنقید کی جا رہی ہے وہ پاکستان کے عزت دار شہری ہیں۔ وہ بزنس مین وفاق اور مختلف شہروں کے چیمبرز کے صدور اور عہدے دار تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ بزنس مین پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ بزنس مین اتنے ہی برے ہیں تو ہر الیکشن میں ان سے پارٹی فنڈ کے نام پر اربوں روپے کیوں لیتے ہیں؟
نوٹ: خبر میں مزید تفصیلات شامل کی جا رہی ہیں۔
