یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع ربیغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثی باغی حالیہ مہینوں میں سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات پر حملوں کے متعدد دعوے کر چکے ہیں. حوثیوں کے مطابق رواں برس اگست میں جنوبی علاقے جازان کی آئل ریفائنری پر 2 جبکہ اکتوبر میں مشرقی صوبے کی راس تنورہ ریفائنری کو بھی 2 مرتبہ نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کی جانب سے اسی ماہ ریاض کے قریب ایک اور ریفائنری پر حملے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔ گزشتہ ماہ سعودی عرب کی مشرقی مغربی آئل پائپ لائن اور اس کے پمپنگ اسٹیشنز پر بھی 2 حملے جبکہ نومبر میں 4 حملے کرنے کے دعوے کیے گئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ربیغ آئل ریئنری پر حملے سے متعلق حوثیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریفائنری کو براہ راست نشانہ بنایا تاہم حملے سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ربیغ شہر میں پیٹرو ربیغ کے نام سے تیل صاف کرنے اور پیٹروکیمیکل کا بڑا کمپلیکس واقع ہے جسے سعودی آرامکو اور جاپان کی کمپنی سومیٹومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر قائم کیا تھا۔ یہ مقام جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے جہاں سے تیل کی برآمد کے لیے گہرے پانی کی بندرگاہی سہولت بھی موجود ہے۔
رائٹرز کے مطابق حوثیوں کی جانب سے گزشتہ روز ربیغ آئل ریفائنری پر حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے سے کتنا نقصان ہوا جبکہ سعودی حکام کی جانب سے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب مارچ 2015 میں یمن کی جنگ میں اس وقت براہِ راست شامل ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد ملک کے جنوبی علاقوں کی جانب پیش قدمی کی اور صدر عبدربہ منصور ہادی کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کر دیا۔
بعد ازاں سعودی عرب نے عرب ممالک کے اتحاد کی مدد سے یمن میں فوجی کارروائی شروع کی جس کا مقصد بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کو بحال کرنا اور حوثیوں کی پیش قدمی روکنا تھا۔ اس دوران سعودی اتحاد نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جبکہ ایران پر حوثیوں کی عسکری حمایت کا الزام عائد کیا جاتا رہا۔
تقریباً 7 سال کی لڑائی کے بعد اپریل 2022 میں اقوام متحدہ کی ثالثی میں جنگ بندی ہوئی جس سے سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان سرحد پار حملوں میں نمایاں کمی آئی۔ تاہم تنازع کا مستقل سیاسی حل نہیں نکل سکا اور یمن مختلف متحارب گروہوں کے زیرِ اثر تقسیم رہا۔
2023 میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں بھی پیش رفت ہوئی لیکن ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد رواں برس جولائی میں لڑائی دوبارہ شدت اختیار کر گئی۔ حوثیوں نے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں اور تیل کی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملوں کے دعوے کیے جبکہ سعودی عرب نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے تیز کر دیے۔



