پاکستان کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے سال 2026 میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کو متاثر کردیا، وہ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 39 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر بن گئے۔
واضح رہے کہ پاکستانی فاسٹ باؤلرمحمد عباس نے فروری 2009 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا جبکہ 21 اپریل 2017 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، انہوں نے اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں 139 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
13 ستمبر 2026 کو محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں ابتدائی اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کرکے وسیم اکرم کا 27 سال پرانا ریکارڈ برابرکیا تھا اس سے قبل جولائی 2026 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ان کی ٹیسٹ اوسط 22.78 ہوگئی جو عمران خان کی 22.81 کی اوسط سے بہتر ہے۔
فاسٹ باؤلرمحمد عباس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ پروگرام ’اسٹریٹ ڈرائیو ود سلمان بٹ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں اپنی کارکردگی، فٹنس، مستقبل کی تیاریوں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم مشوروں پر گفتگو کی۔
Giving it everything for Pakistan and now celebrating a team triumph 💫
Player of the series Mohammad Abbas reflects on the satisfaction of seeing his individual efforts translate into a series win 👏
#PAKvSL | #CricketKaJashan https://t.co/2uD20IwCvp
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 22, 2026
فاسٹ باؤلرنے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کرکے پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار باؤلنگ پرانہیں پلیئر آف دی میچ قراردیا گیا۔
محمد عباس کا کہنا تھا کہ اپنی انفرادی کارکردگی کے ساتھ ٹیم کو بھی کامیابی ملی، جس سے انہیں زیادہ خوشی اور لطف حاصل ہوا، کسی بھی کھلاڑی کیلئے اپنی کارکردگی کے ساتھ ٹیم کی جیت میں کردارادا کرنا زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سیریز کے بعد وہ اپنی فٹنس پر مزید کام کریں گے اوراگلی ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے چار ہفتے قبل باؤلنگ کا آغاز کریں گے تاکہ مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترسکیں۔
سری لنکا کے خلاف سیریزمیں دیگر پاکستانی بولرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ ثاقب خان اور رضا اللہ نے بہت اچھی باؤلنگ کروائی، رضا اللہ نوجوان کھلاڑی ہیں اور تمام نصیحتوں پرعمل کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ثاقب خان اوررضا اللہ طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور قومی ٹیم کے لیے اہم کردارادا کرتے رہیں گے۔
نوجوان کرکٹرز کو مشورہ دیتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ انہیں زیادہ سے زیادہ چار روزہ کرکٹ کھیلنی چاہیے، کیونکہ اس سے ان کی تکنیک اور کھیل میں بہتری آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ریڈ بال کرکٹ کے ذریعے اپنی وائٹ بال کرکٹ کی مہارتوں کو بھی بہتر بنا سکتے ہیں، اس لیے انہیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔
محمد عباس نے مزید کہا کہ طویل فارمیٹ میں کھیلنے سے کھلاڑیوں کو صبر، مستقل مزاجی اور مشکل حالات میں بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع ملتا ہے جو ان کے مجموعی کھیل کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔



