پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوتا دکھائی دیا جہاں ابتدائی کاروباری سیشن میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 920 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ آٹوموبائل، بینکنگ، فرٹیلائزر اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔
گزشتہ کاروباری ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج معمولی مندی کے ساتھ بند ہوئی تھی جس کی بنیادی وجہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مجوزہ ریفرنڈم کے معاملے پر سیاسی غیر یقینی صورت حال تھی۔
ملکی سیاسی صورت حال سے متعلق خدشات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا جس کے باعث بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور پاکستان میں ایندھن کے اخراجات گھٹنے کے مثبت اثرات بھی مارکیٹ کو سہارا دینے میں ناکام رہے۔
آج کاروبار کے آغاز پر مختلف اہم شعبوں میں خریداری کا رجحان غالب رہا جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں مثبت سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے اعداد و شمار کے مطابق آج صبح بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 920 پوائنٹس اضافہ ہوا جس کے بعد یہ ایک لاکھ 78ہزار303پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
ابتدائی کاروبار کے دوران آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور پاور جنریشن کے شعبوں میں حصص کی خریداری دیکھی گئی۔
گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 491.32 پوائنٹس کی کمی کے بعد 177,382.56 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی اتار چڑھاؤ
ادھر عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے منسلک کمپنیوں اور چپ ساز اداروں کے حصص میں گزشتہ ہفتے شدید گراوٹ کے بعد آج بحالی کے آثار دکھائی دیے۔
امریکی اسٹاک مارکیٹ کے فیوچرز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں گزشتہ ہفتے کی مندی کے اثرات کم کرنے کے لیے حکام کی جانب سے اقدامات کیے گئے۔
سرمایہ کاروں میں یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے لیے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر پر بھاری قرضوں کے ذریعے خرچ کی جانے والی رقوم سے اتنی جلد آمدنی حاصل نہیں ہو سکے گی کہ قرض دہندگان کو ادائیگیاں کی جا سکیں یا کمپنیوں کے بلند حصص نرخوں کا جواز فراہم ہو سکے۔
گزشتہ ہفتے امریکی ٹیکنالوجی اسٹاکس پر مشتمل نیس ڈیک میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی جو مارچ 2020 میں کورونا وبا کے باعث عالمی منڈیوں میں پیدا ہونے والی افراتفری کے بعد سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ تھی۔
اسی طرح تائیوان کی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 1990 کے بعد سب سے بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔ تائیوان جدید ٹیکنالوجی کے لیے درکار چپس بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں کا مرکز ہے اور مصنوعی ذہانت کی عالمی سپلائی چین میں اہم حیثیت رکھتا ہے۔
آج ابتدائی کاروبار کے دوران نیس ڈیک 100 کے فیوچرز میں تقریباً 3 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی 500 کے فیوچرز میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب تائیوان کی اسٹاک مارکیٹ میں استحکام کے آثار نظر آئے جبکہ جنوبی کوریا کی اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 4 فیصد کمی ہوئی اور مارکیٹ 10 ماہ کی کم ترین سطح تک پہنچنے کے بعد کچھ سنبھلتی دکھائی دی۔



