انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے شائقین کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آگئی۔
ایونٹ کے مختلف میچز کے ٹکٹوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دنیا بھر سے لاکھوں کرکٹ شائقین نے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرادی ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق اب تک 193 ممالک سے 28 لاکھ شائقین نے ٹکٹ رجسٹریشن کے لیے درخواستیں دی ہیں، جبکہ ورلڈکپ 2027 کے مختلف میچز کے لیے مجموعی طور پر 12 کروڑ سے زائد ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 شیڈول اور گروپ کا اعلان کردیا، ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے، ایونٹ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی کو جگہ دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ایونٹ کے سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والے مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کا میچ بھی شامل ہے۔
10 اکتوبر2027 کو شیڈول روایتی حریفوں کے درمیان مقابلے کے ٹکٹوں کے لیے آئی سی سی کو 83 لاکھ 97 ہزار 294 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جواس میچ کی مقبولیت اور شائقین کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔
اسی طرح 21 نومبر 2027 کو شیڈول ورلڈکپ فائنل کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے بھی بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، فائنل میچ کیلئے 79 لاکھ 944 ٹکٹ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
ورلڈکپ کے دیگر میچز میں بھی شائقین کی دلچسپی نمایاں ہے۔ 8 اکتوبر کو شیڈول انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے لیے تقریباً 9 لاکھ درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔
24 اکتوبر 2027 کو شیڈول بھارت اور زمبابوے کے مقابلے کے ٹکٹوں کے لیے 33 لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کی رجسٹریشن میں دنیا بھر سے شائقین کی بڑی تعداد کی شرکت نے ایونٹ کے لیے غیر معمولی جوش و خروش کو نمایاں کردیا ہے۔
ٹکٹوں کے حصول کے لیے درخواستوں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقابلوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔



