آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
اسکائی اسپورٹس کے مطابق گلین میکسویل نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اس کے ساتھ ہی ان کا ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط بین الاقوامی کریئر اختتام پذیر ہو گیا۔
جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور 38 سالہ گلین میکسویل نے آسٹریلیا کی جانب سے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کی۔ وہ 2015 اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کا بھی حصہ رہے، 2 ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے کے علاوہ وہ 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
گلین میکسویل نے 7 ٹیسٹ ،149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ انہوں نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 149 ون ڈے میچز میں 3 ہزار 990 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ون ڈے میں77 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
View this post on Instagram
ون ڈے میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 201 رنز رہا۔ 2023 میں افغانستان کے خلاف میچ میں آسٹریلیا کو 292 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شدید مشکلات کا سامنا تھا اور ٹیم 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی، تاہم میکسویل نے 128 گیندوں پر ناقابل شکست 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو تاریخی کامیابی دلائی۔
ستمبر 2012 میں انہوں نے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ اس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے 130 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کی، جن میں انہوں نے 2 ہزار 897 رنز بنائے اور 51 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی میں ان کا سب سے بڑا انفرادی اسکور 145 رنز رہا۔
میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور مجموعی طور پر 7 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا اسکور بھارت کے خلاف 104 رنز تھا، جبکہ 127 رنز کے عوض 4 وکٹیں ان کی بہترین بولنگ کارکردگی رہی۔
اپنی جارحانہ بیٹنگ اور چھکے لگانے کی صلاحیت کے باوجود میکسویل کچھ عرصے سے خراب فارم کا شکار تھے، جس کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
گلین میکسویل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں عمان کے خلاف آخری بار آسٹریلیا کی نمائندگی کی تھی۔



