بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے جیل میں دونوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔
عمران خان سے 10 روز قبل ان کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی تقریباً تین گھنٹے طویل ملاقات کروائی گئی تھی، جس میں دونوں وکلاء نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات اورمتفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی، ملاقات کے دوران بشری بی بی بھی موجود تھیں۔ وکلاء نے بشری بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلووں پر بھی عمران خان سے مشاورت کی تھی۔
اڈیالہ جیل میں قید عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی مختلف مقدمات میں عدالتی فیصلوں کے نتیجے میں ہونے والی سزاؤں کیخلاف اپیلیں دائر کی ہیں، عمران خان کی قید، صحت، طبی معائنے اور اہلخانہ و وکلاء سے ملاقاتوں کا معاملہ گزشتہ کئی ماہ سے سیاسی اور قانونی حلقوں میں توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی، جو 40 منٹ تک جاری رہی، جس میں حالیہ طبی معائنے ، زیر سماعت اپیلوں، صحت کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے بعد دونوں کو ان کے سیلز منتقل کر دیا گیا۔
خیال رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کے خلاف مرکزی اپیلیں 25 نومبر کو سماعت کیلیے مقرر کر دی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کیس کی نئی سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ اگلے ہفتے بدھ کو اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
عدالت نے 18 نومبر کو 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق متفرق درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو جیل میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے سیل کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
عدالتی حکم کے بعد ڈاکٹر عارف خان اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی پر مشتمل پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی ٹیم نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا تھا۔ ڈاکٹروں کو جیل اسپتال کے عملے کی بھی معاونت حاصل تھی۔



