پاکستان کی پہلی ’نیٹ فلکس‘ اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا پوسٹر اور ریلیز ڈیٹ سامنے آگئی ہے۔ سیریز 4 دسمبر کو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز کی جائے گی۔
اتوار کو نیٹ فلکس مڈل ایسٹ اور نارتھ افریقہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں سیریز کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس سیریز میں تین نسلوں کی چھ محبت کی کہانیاں بیان کی گئی ہیں جن کا مرکزی سوال یہ ہے کہ کیا ہمارے دلوں میں موجود محبت ہی کافی ہے؟
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ معروف پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے اسی نام کے مقبول ناول پر مبنی رومانوی ڈراما سیریز ہے۔ اس کی تخلیق اور ہدایت کاری مومنہ درید نے کی ہے، جو پاکستان کی معروف پروڈیوسر ہیں اور ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے کے مقبول ڈرامے پروڈیوس کرچکی ہیں۔ سیریز کی پروڈکشن مومنہ درید فلمز کے تحت کی گئی ہے۔
View this post on Instagram
پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز کا ٹریلر آئندہ ہفتے میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
اس سیریز کی خاص بات اس کی بڑی اسٹار کاسٹ بھی ہے جس میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، مایا علی، اقرا عزیز، بلال اشرف اور خوشحال خان اور دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
سیریز میں فواد خان، ماہرہ خان اور صنم سعید جیسے معروف اداکاروں کی موجودگی کے ساتھ احد رضا میر اور اقرا عزیز کی جوڑی بھی شائقین کی توجہ کا مرکز ہے۔
فلموں اور ڈراموں کی درجہ بندی اور معلومات فراہم کرنے والی عالمی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی سیریز کی کہانی سکندر اور لیزا کے گرد گھومتی ہے۔ سکندر ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہے، جس کی زندگی ایک تکلیف دہ واقعے کے بعد بدل جاتی ہے، جب کہ لیزا ایک باصلاحیت فنکارہ ہے۔ دونوں کی ملاقات اٹلی میں ہوتی ہے، جس کے بعد محبت، جذباتی تکالیف اور زندگی میں آگے بڑھنے کی جدوجہد پر مبنی کہانی آگے بڑھتی ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی عکس بندی پاکستان کے علاوہ اٹلی اور برطانیہ میں بھی کی گئی ہے، جس سے اس کی کہانی کو بین الاقوامی پس منظر دیا گیا ہے۔
