بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اداکار محفوظ رہے تاہم ان کے ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی انٹرٹینمنٹ میگزین فلم فیئرکے مطابق واقعے کی ذمہ داری مبینہ طورپرلارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی ہے اور سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا، جب اداکار فٹ بال کھیلنے کے بعد ڈرائیور کے ہمراہ گھر واپس جارہے تھے، اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے وہاں لوگ جمع تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
ممبئی پولیس کے ڈی سی پی موہت گَرگ کے مطابق فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے، ڈرائیور فردوس کو معمولی چوٹیں آئیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ عملے کا ایک اور رکن گولی لگنے سے زخمی ہوا، دونوں کو ناناوتی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مبینہ پیغام سامنے آیا جس میں انیل پنڈت اور ہرمن سندھو نامی افراد نے لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
The Lawrence Bishnoi gang has reportedly claimed responsibility for the firing incident involving #TigerShroff in Juhu. In an alleged audio message, the gang claimed the actor was targeted over his association with #SalmanKhan and issued threats to others working with him. Tiger escaped unharmed, while police continue investigating the incident and the authenticity of the claims.
#News
— Filmfare (@filmfare) October 18, 2026
مبینہ پیغام میں کہا گیا کہ ٹائیگر شروف کو پہلے بھی خبردار کرنے کی کوشش کی گئی تھی تاہم انہوں نے انتباہ پر توجہ نہیں دی۔
پیغام میں مزید دھمکی دی گئی کہ ممبئی کی فلم انڈسٹری میں جو افراد ان کی بات نہیں مانیں گے یا سلمان خان کے ساتھ کام جاری رکھیں گے انہیں بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے تاہم پولیس نے تاحال مبینہ پیغام کی صداقت یا فائرنگ میں لارنس بشنوئی گینگ کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب ممبئی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جبکہ پولیس حکام علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فائرنگ میں ملوث افراد کا سراغ لگایا جاسکے۔
حکام کے مطابق تحقیقات میں فائرنگ کے محرکات اور واقعے کے پس منظر کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ تاحال حملہ آوروں کی شناخت اور مبینہ گینگ کے کردار سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ممبئی میں گینگ وار برداشت نہیں کریں گے، نائب وزیراعلیٰ
مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممبئی میں گینگ وار برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایکناتھ شندے کا کہنا تھا کہ فنکاروں کو خوف کے ماحول میں رہنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے اور حکومت ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
واقعے کے بعد بالی ووڈ شخصیات کے تحفظ اور ممبئی میں جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔



