بھارتی اداکارہ اور ماڈل راکھی ساونت کے خلاف 16 سال پرانے خودکشی کیس میں عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ مقدمہ 2010 میں ان کے ٹی وی پروگرام ’راکھی کا انصاف‘ میں شریک ہونے والے ایک شخص کی موت سے متعلق ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی کی فاسٹ ٹریک عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج نے راکھی ساونت کے وارنٹ جاری کیے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق ضلعی سرکاری وکیل برائے جرائم مردُل کانت شریواستو نے بتایا کہ اداکارہ متعدد بار طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
Rakhi Sawant Faces Non-Bailable Warrant In 2010 Suicide Case https://t.co/TMEqISLD9S https://t.co/TzrA5BLz6o
— NDTV (@ndtv) October 18, 2026
رپورٹس کے مطابق نومبر 2010 میں جھانسی کے علاقے پریم نگر سے تعلق رکھنے والے لکشمن اہروار اپنی اہلیہ کے ساتھ ازدواجی تنازع حل کرانے کے لیے ’راکھی کا انصاف‘ میں شریک ہوئے تھے۔ پروگرام کے دوران راکھی ساونت کی جانب سے مبینہ طور پر لکشمن کو نامرد کہے جانے کے بعد تنازع پیدا ہوا تھا۔
لکشمن اہروار کی والدہ ساوتری نے پولیس میں شکایت درج کراتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ پروگرام میں ان کے بیٹے کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔ اور واقعے کے بعد لکشمن ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے اور بعد ازاں انہوں نے خودکشی کرلی۔ خاندان نے ان کی موت کا ذمہ دار پروگرام میں ہونے والی مبینہ تضحیک کو قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ ’راکھی کا انصاف‘ میں لوگوں کے گھریلو اور ذاتی تنازعات کو ٹی وی پر زیر بحث لایا جاتا تھا۔ پروگرام میں ہونے والی سخت گفتگو اور تلخ جملوں پر بھی تنقید کی جاتی رہی ہے۔
مقدمے کی اگلی سماعت یکم دسمبر کو مقرر کی گئی ہے جبکہ راکھی ساونت کے خلاف جاری وارنٹ کے بعد آئندہ عدالتی کارروائی اہمیت اختیار کرگئی ہے تاہم مقدمے میں عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالت میں ہونا باقی ہے۔



