بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے سکیورٹی خدشات کے باوجود مداحوں سے ملاقات کی اپنی دیرینہ روایت برقرار رکھی تاہم اس بار ان کا انداز مختلف تھا اور وہ اپنی رہائش گاہ کے باہر حفاظتی شیشے کے حصار میں نظر آئے۔
اکتوبر کے آخری ہفتے میں ممبئی کے علاقے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں واقع ایک تعلیمی ادارے کو ای میل موصول ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن کی رہائش گاہ کو بم سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔اس اطلاع کے بعد ممبئی پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور اداکار کی سکیورٹی کے طریقہ کار کو مزید سخت کردیا۔
امیتابھ بچن یکم نومبر 2026 کو ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع اپنے بنگلے ’جلسہ‘ کے باہر مداحوں سے ملنے پہنچے جہاں بڑی تعداد میں موجود مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع تھے۔
اداکار نےشیشے کے خصوصی حفاظتی حصار کے اندر رہتے ہوئے مداحوں کو ہاتھ ہلا کر ان کے استقبال کا جواب دیا۔اس موقع پر ان کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن بھی ان کے ساتھ موجود تھے جو اپنے والد کے پیچھے کھڑے ہوکر مجمع پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
#WATCH | Maharshtra: Actor Amitabh Bachchan greets fans outside his residence ‘Jalsa’ in Mumbai earlier today. The actor was seen greeting them from inside a transparent protective bulletproof shell, reportedly added as an extra security measure. https://t.co/N27ETg5Bci
— ANI (@ANI) November 1, 2026
امیتابھ بچن کی مداحوں سے حالیہ ملاقات ان کی صحت سے متعلق تازہ بلاگ پوسٹس کے بعد سامنے آئی ہے۔
اداکار نے رواں ہفتے اپنے آفیشل ٹمبلر اکاؤنٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بتایا تھا کہ طبی مشورے کے بعد وہ روزانہ کی تحریروں سے عارضی وقفہ لے رہے ہیں تاکہ آرام کرسکیں اور صحت یاب ہوں۔
امیتابھ بچن نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انہیں چند روز آرام کرنے اور صحت بحال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اس لیے وہ فی الحال کچھ لکھنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے اپنے مداحوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت روزانہ کی بنیاد پر اپنی تحریریں جاری نہیں رکھ سکیں گے۔
امیتابھ بچن کئی دہائیوں سے ہر اتوار کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے ملاقات کرتے اور انہیں ہاتھ ہلا کر خوش آمدید کہتے ہیں۔یہ روایت ان کی عوامی زندگی کا مستقل حصہ بن چکی ہے، جہاں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں ان کے گھر کے باہر جمع ہوتے ہیں۔


