متحدہ عرب امارات میں مسلسل 3 ماہ تک اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے ۔
متحدہ عرب امارات نے گزشتہ روز نومبر 2026 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، جن کا اطلاق یکم نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔
اعلان کردہ نئی قیمتوں کے مطابق سپر 98، اسپیشل 95 اور ای پلس 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24 فلس کمی کی گئی ہے، جبکہ ڈیزل بھی سستا کردیا گیا ہے۔
نومبر 2026 کے لیے متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں درج ذیل ہیں:
سپر 98 پیٹرول: 4.40 درہم کے بجائے 4.16 درہم فی لیٹر۔
اسپیشل 95 پیٹرول: 4.28 درہم کے بجائے 4.04 درہم فی لیٹر۔
ای پلس 91 پیٹرول: 4.21 درہم کے بجائے 3.97 درہم فی لیٹر۔
ڈیزل: 4.80 درہم کے بجائے 4.75 درہم فی لیٹر۔
نئی قیمتوں کے تحت سپر 98، اسپیشل 95 اور ای پلس 91 پیٹرول کی قیمت میں 24، 24 فلس جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 فلس فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آخری مرتبہ کمی جولائی میں ہوئی تھی، جس کے بعد اگست سے مسلسل 3ماہ تک قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق علاقائی جنگ کے باعث 4 ماہ تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جولائی میں نرخ کم کیے گئے تھے، تاہم اگست سے دوبارہ قیمتوں میں اضافہ شروع ہوگیا تھا۔
مشرق وسطیٰ میں 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی خوردہ قیمتوں میں 60 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا۔
جولائی میں قیمتوں میں کمی کے بعد اگست سے دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم نومبر کے لیے جاری کردہ نئے نرخوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کردی گئی ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی قیمتوں میں ماہانہ تبدیلی براہ راست گھریلو بجٹ پر اثر انداز ہوتی ہے، کیونکہ ایندھن زیادہ تر خاندانوں کے لیے ایک لازمی اور مستقل خرچ ہے۔
قیمتوں میں معمولی اضافہ بھی وقت کے ساتھ مجموعی اخراجات بڑھا دیتا ہے، جس کے باعث گاڑی چلانے والوں کو اپنی آمدن کا زیادہ حصہ ایندھن پر خرچ کرنا پڑتا ہے۔

